چهارشنبه 30/آوریل/2025

ملاقاتیں جاری رکھنے کے عزم کے ساتھ حماس کے وفد کا دورہ مصر اختتام پذیر

ہفتہ 28-جنوری-2017

اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس’ کے سیاسی شعبے کے نائب صدر اسماعیل ھنیہ، ڈاکٹر موسیٰ ابو مرزوق اور سیاسی شعبے کے رکن روحی مشتھی پر مشتمل جماعت کے وفد نے اپنا طویل دورہ مصر مکمل کرلیا ہے جس کے بعد حماس وفد غزہ پہنچ گیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے وفد کے دورہ قاہرہ اور مصری حکام کے ساتھ ملاقاتوں کے بارے میں بہت سی توقعات وابستہ کی گئی تھیں۔ حماس کی قیادت کا کہنا ہے کہ ان کا یہ دورہ کامیاب رہا ہے۔ مصری حکام کے ساتھ غزہ کی پٹی کی ناکہ بندی ختم کرنے سمیت تمام دو طرفہ امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

حماس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مصری حکام اور حماس کے وفد نے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

بیان میں کہا گیاہے کہ حماس کے وفد اور مصری حکام کے درمیان ہونے والی بات چیت میں تمام حل طلب مسائل پر بات چیت کی گئی۔ ملاقاتوں اور صلاح مشورے کے بعد یہ طے پایا ہے کہ حماس مصری حکومت کے ساتھ رابطے میں رہے گی اور مشاورت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

بعد ازاں حماس کا وفد غزہ کی پٹی کے لیے روانہ ہوگیا۔ اس سے قبل حماس کا وفد گشتہ اتوار کو قطر سے ایک عام پرواز کے ذریعے قاہرہ پہنچا تھا تھا جہاں مصری قیادت نے حماس رہ نماؤں کا خیر مقدم کیا۔

قبل ازیں حماس کے سیاسی شعبے کے نائب صدر ڈاکٹر موسیٰ ابو مرزوق نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ حماس اور مصر کے درمیان تمام اختلافات ختم ہوگئے ہیں اور حماس نے برادر ملک مصر کے ساتھ اختلافات کے تمام دروازے بند کردیے ہیں۔

مختصر لنک:

کاپی