جمعه 15/نوامبر/2024

الشیخ صلاح پرالقدس میں داخلے، بیرون ملک سفرپرپابندی عاید

بدھ 15-فروری-2017

مسلسل نو ماہ تک اسرائیلی جیل میں قید تنہائی کی سزا کاٹنے کے بعد حال ہی میں  رہا ہونے والے بزرگ فلسطینی رہ نما الشیخ راید صلاح پر اسرائیل نے نئی پابندیاں عاید کردی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق صہیونی حکام نے انہیں بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ میں داخل ہونے اور بیرون ملک سفر پر پابندی عاید کردی ہے۔

سنہ 1948ء کے مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی خبروں کی کوریج کرنے والے نیوز یب پورتل ’’48‘‘ کی رپورٹ کے مطابق الشیخ راید صلاح پر بیت المقدس میں داخلے پر پہلے بھی پابندی عاید کی گئی تھی۔ اب اس میں مزید پانچ ماہ کی توسیع کردی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق گذشتہ روز اسرائیلی پولیس کی ایک پارٹی ام الفحم شہر میں الشیخ راید صلاح کے گھر پہنچی اور انہٰن وزیر داخلہ ’اریے درعی‘ کے دستخطوں پر مشتمل ایک ملٹری نوٹس تھمایا۔ اس نئے نوٹس میں الشیخ راید صلاح کو ان پر عاید نئی پابندیوں کے بارے میں مطلع کیا گیا ہے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ بیت المقدس میں داخلے پر پہلے سے عاید پابندی میں پانچ ماہ کی توسیع کرتے ہوئے یہ پابندی 11 جولائی 2017ء تک بڑھا دی گئی ہے۔

اسی طرح وزارت داخلہ کی منظوری کے تحت بیرون ملک سفر پرعاید پابندی میں بھی پانچ ماہ کی توسیع کی گئی ہے۔ نئے نوٹس کے تحت الشیخ راید صلاح 15 جولائی 2017ء تک بیرون ملک سفر کرنے کے اہل نہیں ہیں۔ ان کا نام اسرائیلی انتظامیہ کی ایگزیٹ کنٹرول لسٹ ’ای سی ایل‘ میں شامل ہے۔

خیال رہے کہ اسرائیلی وزیر داخلہ نے الشیخ راید صلاح کی حال ہی میں جیل سے رہائی سے پہلے ہی ان پر ایک ماہ تک بیرون ملک سفر پر پابندی کا حکم دے دیا تھا۔

الشیخ راید صلاح وادی الجوز میں جمعہ کے ایک پرانے خطبہ میں اسرائیلی ریاست کے خلاف اشتعال پھیلانے کے الزام میں نو ماہ تک پابند سلاسل رہے ہیں۔ انہیں حال ہی میں اسرائیلی جیل سے رہا کیا گیا تھا۔

مختصر لنک:

کاپی