فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس شہر میں اسرائیلی فوج کی فلسطینی شہریوں کے مکانات کی مسماری کی کارروائیاں جاری ہیں۔ گذشتہ روزبھی اسرائیلی فوج نے شمالی بیت المقدس میں ایک گھر پر چھاپہ مارا اور بھاری مشینری کی مدد سے فلسطینی شہریوں کا ایک مکان مسمار کردیا۔
ایک مقامی صحافی ایمن ابو رموز نے بتایا کہ صہیونی بلدیہ کے حکام نے بھاری مشینری کی مدد سے پولیس کی موجودگی میں بیت حنینا کے مقام پر واقع لوئی ابو رموز نامی شہری کا مکان مسمارکردیا۔
ابو رموز نے بتایا کہ اسرائیلی فورسز نے لوئی ابو رموز کے مکان کو غیرقانونی قرار دے کر اس کی مسماری کا نوٹس دے رکھا گیا۔ گذشتہ روز بھاری مشینری کی مدد سے 130 مربع میٹر اراضی پر بنا مکان مسمارکردیا۔ مکان مسماری کے نتیجے میں 7 فلسطینی شہری بے گھر ہوگئے۔ ان میں زیادہ تر کم سن بچے ہیں۔
خیال رہے کہ صہیونی فوج نے رواں سال کا آغاز غرب اردن میں فلسطینیوں کی املاک کی مسماری سےکیا ہے اور اب تک بیت المقدس میں فلسطینیوں کے 46 مکانات مسمار کیے جا چکے ہیں۔