ایک نئی طبی تحقیق کے مطابق روزے کے انسانی صحت کے لیے بے پناہ طبی فواید ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ روزہ رکھنے سے امراض قلب، سرطان اور زیابیطیس جیسے امراض کے خطرات کم ہوجاتے ہیں۔
امریکی ریاست لاس اینجلس میں قائم کلیفورنیا یونی ورسٹی کے محقق ڈاکٹر مین وی کا کہنا ہے کہ انہوں نے روزے کے طبی فواید پر ایک تحقیق کی ہے۔ طبی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ روزہ رکھنا خوراک کو کنٹرول کرنے کے مترادف ہے اور اس کے نتیجے میں امراض قلب، ذیابیطس، شوگر اور کینسر جیسے مہلک امراض کے خطرات کم ہوجاتے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کم کیلوریز، شوگر سے پاک اور پروٹین سے لبیرز خوراک اور ایسی خوراک جس میں چکنائی ہو مگر وہ بھوک اور اشتہا کا موجب نہ بنے وہ مذکورہ امراض سے بچاؤ میں مدد گار ہوتی ہے۔
ماہرین نے تحقیق کے لیے 48 افراد کو معمول کے مطابق تین ماہ تک خوراک دی جب کہ اس کے مقابلے میں 52 افراد کو ہرماہ پانچ دن کھانے پینے سے روکا جس کے حیرت انگیز نتائج اور اثرات سامنے آئے۔ مہینے میں روزے کی طرح کھانا پینا ترک کرنے والے افراد میں خطرناک امراض کے خطرے کا تناسب دوسرے افراد کی نسبت بہت کم تھا۔
محققین کا کہنا ہے کہ روزے کی مشابہت میں خوراک کو کنٹرول کرنے سے جسمانی ڈھانچے میں فشار خون قدرتی سطح پرآتا، شوگر کی سطح معمول کے مطابق اور جسم میں کولسٹرول کی مقدار بھی مناسب ہوتی ہے۔