فلسطین کےعلاقے غزہ کی پٹی کی مصر سے متصل سرحد پر سرنگ کی کھدائی کے دوران زور دار دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں کم سے کم تین مزدور شہید اور پانچ زخمی ہوگئے ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ اور مصرکی سرحد پر تجارتی اغراض ومقاصد کے لیے سرنگ کی کھدائی کے دوران ہفتے کو علی الصباح دھماکہ ہوا جس میں متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے ہیں۔
غزہ شہری دفاع کے حکام کا کہنا ہے کہ امدادی اداروں کے کارکنوں نے ہفتے کو علی الصباح مصر کی سرحد پر سرنگ میں دھماکے اور گیس جمع ہونے کے نتیجے میں شہید ہونے والے شہریوں کی میتیں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سرنگ میں دھماکہ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب ہوا۔ زخمیون کو جنوبی غزہ کے یوسف النجار اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
مقامی ذرائع کا کہناہے کہ شہید ہونے والے فلسطینیوں کی شناخت 23 سالہ عبداللہ ولید النامولی، 24 سالہ سلامہ سلیمان ابو شوشہ اور 25 سالہ عبید محمد الصوفی کے ناموں سے کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ دو ہفتے قبل بھی غزہ کی پٹی اور مصر کی سرحد پر سرنگ کے حادثے میں متعدد فلسطینی زخمی اور ایک شہری لا پتا ہوگیاتھا۔ حال ہی میں اس کی لاش ملبے سے نکالی گئی ہے۔
غزہ کی پٹی پر اسرائیل نے سنہ 2007ء کے بعد سے معاشی پابندیاں عاید کر رکھی ہیں۔ مصر کے ساتھ رابطے کے لیے استعمال ہونے والی بین الاقوامی گذرگاہ بھی زیادہ تر بند رہتی ہے۔ غزہ اور غرب اردن کے درمیان تجارتی آمد و رفت بھی تقریبا معطل ہے۔ ان تمام مشکلات نے غزہ کے لاکھوں شہریوں کو سرنگوں کے ذریعے سرحد پار سے مال تجارت لانے کے پر خطر راستے کے انتخاب پر مجبور ہونا پڑا ہے۔