پنج شنبه 01/می/2025

استنبول کانفرنس فلسطینی قومی یکجہتی کا فقید المثال مظاہرہ : محسن صالح

اتوار 26-فروری-2017

فلسطینی تجزیہ نگار اور لبنان میں قائم ’الزیتونہ فلسطین اسٹڈی سینٹر‘ کے چیئرمین ڈاکٹر محسن صالح نے کہا ہے کہ استنبول میں کل ہفتے کے روز سے جاری کانفرنس نے بیرون ملک فلسطینی طبقات کو ایک فورم پر متحد کردیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ استنبول کانفرنس اس بات کا ثبوت ہے کہ دنیا بھر میں پھیلے لاکھوں فلسطینی ’تحریک آزادی پروگرام‘ کا مستقل حصہ ہیں اور اس پروگرام کو آگے بڑھانے کے لیے فعال کردار ادا کررہے ہیں۔

استنبول میں مرکزاطلاعات فلسطین سے گفت وگو کرتے ہوئے ڈاکٹر محسن صالح نے کہا کہ بیرون ملک فلسطینیوں نے استنبول کے عظیم الشان اجتماع میں شرکت کرکے یہ پیغام دیا ہے کہ فلسطینی جہاں بھی موجود ہیں وہ قضیہ فلسطین کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں۔ وہ اپنے قومی تشخص کی بحالی، فلسطینی اداروں کے قیام، آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے جدو جہد اور وطن عزیز سے بے دخل کیے گئے لاکھوں فلسطینیوں کی ان کے اپنے ملک میں واپسی اور بحالی کے لیے ہر فورم پر فعال کوششیں کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ استنبول کانفرنس سے فلسطینی قوم کے سپوتوں کے بیرون ملک کردار، ملکی یکجہتی، قومی وحدت اور مسئلہ فلسطین اور قومی حقوق کے حصول کے لیے اپنی اٹوٹ وابستگی کا بھی ثبوت دیا گیا ہے۔ استنبول میں اجتماع عام نے دنیا بھر کو یہ پیغام دیا ہے کہ فلسطینی جہاں کہیں بھی ہوں اپنے قومی مسائل اور جائز مطالبات کے لیے جدو جہد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ہر طرح کے حادثات، سانحات میں باہمی تعاون کے ساتھ ساتھ وطن عزیز کی آزادی کے پروگرام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔ اس کانفرنس نے فلسطینی قوم پر بیرونی ایجنڈا مسلط کرنے کی اندرونی اور بیرونی سازشیں بھی ناکام بنا دی ہیں۔

استنبول میں ہزاروں فلسطینیوں کا عظیم الشان اجتماع عالمی اداروں کے فیصلہ سازوں کے لیے بھی پیغام ہے کہ فلسطینی قوم ایسا کوئی حل قبول نہیں کریں گے جس میں ان کے دیرینہ حقوق اور جائز ومسلمہ مطالبات میں افراط وتفریط کی جائے گی۔

خیال رہے کہ کل ہفتے کو ترکی کے شہر استنبول میں بیرون ملک فلسطینیوں کی نمائندہ تنظیموں کے ہزاروں کارکنوں اور بیرون ملک فلسطینی سوسائٹی کی بڑی تعداد میں شرکت کی ہے۔ آج اتوار کی شام تک جاری رہنے والی اس کانفرنس میں 50 ملکوں میں مقیم فلسطینی تارکین وطن شرکت کررہے ہیں۔

مختصر لنک:

کاپی