ترکی کے محکمہ مذہبی امور نے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ کی تعلیمات کو عام کرنے کے لیے ایک خصوصی ریڈیو چینل قائم کیا ہے۔ اس چینل کے قیام کا مقصد نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخانہ رحجان کی روک تھام کرنا اور آپ علیہ السلام کی تعلیمات کو ہرخاص وعام تک پہنچانا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ترک وزارت مذہبی امور کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے سرکاری سطح پر ایک نئے ریڈیو چینل کی نشریات شروع کی ہیں جس میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات مطہرہ کو عام کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ترک ڈائریکٹر برائے مذہبی امور یوکسل سلمان کا کہنا ہے کہ سنہ 2013ء اور 2015ء کے دوران وزارت مذہبی امورکے زیراہتمام ’دین‘ اور ’القرآن‘ کے عنوان سے دو ریڈیو چینل لانچ کیے جا چکے ہیں۔
اسی ضمن میں ایک نیا چینل شروع کیا جا رہا ہے جس میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کو عام کرنے کے حوالے سے خصوصی نشریات پیش کی جائیں گی۔ یہ چینل آئندہ ماہ اپریل سے اپنی باقاعدہ نشریات شروع کرے گا۔
یوکسل سلمان کا کہنا ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ وعلیہ وسلم کی سیرت طیبہ کو عام کرنے کے لیے ’الرسالت‘ کے عنوان سے چینل جلد ہی اپنی نشریات شروع کرے گا۔