شنبه 16/نوامبر/2024

یورپی کمپنیاں مسلمان خواتین ورکوں پرحجاب پرپابندی عاید کرسکتی ہیں

بدھ 15-مارچ-2017

انصاف کی یورپی عدالت نے کمپنیوں کو اس بات کی اجازت دے دی ہے کہ وہ کسی قسم کی ظاہری مذہبی علامت پہننے سے اپنے ملازمین کو منع کر سکتی ہیں۔

اس حکم نامے کے تحت اب یورپی کمپنیاں اپنے ملازمین کو حجاب پہننے سے بھی روک سکیں گے۔

تاہم یورپ کی اعلیٰ ترین عدالت کا کہنا ہے کہ اس طرح کی کوئی بھی پابندی تمام ملازمین کے مکمل طور پر غیر جانبدارانہ لباس پہننے کی پالیسی پر مبنی ہونی چاہیے۔

عدالت کا کہنا ہے کہ ایسی پابندی گاہکوں کی درخواست پر لاگو نہیں کی جا سکتی۔

دفاتر میں حجاب پہننے کے معاملے پر یہ عدالت کا پہلا فیصلہ ہے۔

اس مقدمے کا آغاز اس وقت ہوا تھا جب بلجیئم میں کمپنی جی فور ایس نے ایک ریپشنسٹ کو حجاب پہننے پر ملازمت سے فارغ کر دیا تھا۔

بلجیئم کی عدالت نے یہ معاملہ یورپین کورٹ آف جسٹس میں بھیج دیا تھا۔

خیال رہے کہ دنیا میں 50 کروڑ افراد کسی نہ کسی قسم کے جحاب کا استعمال کرتے ہیں تاہم یورپ اور دنیا کے دوسرے حصوں میں حجاب اور نقاب پر بحث کا سلسلہ جاری ہے۔

کہیں اس پر پابندی لگائی جاتی ہے تو کہیں پابندی ہٹائی جاتی ہے۔ اس کے تحت یورپ میں مذہبی آزادی، خواتین کے لیے مساوات، سیکولر روایت اور دہشت گردی کے خوف جیسے مسائل پر بھی بحث جاری ہے۔

تاہم حالیے عرصے میں حجاب یا نقاب کو عالمی سطح پر کئی حوالے سے مقبولیت حاصل ہوئی ہے۔

حال ہی میں نیو یارک فیشن ویک میں تاریخ میں پہلی بار ملبوسات کی ایک ایسی کلیکشن پیش کی گئی جس میں تمام ماڈلز نے حجاب پہننے ہوئے تھے۔

جبکہ ملبوسات کی معروف کمپنی ایچ اینڈ ایم نے بھی حال ہی میں ایک ماڈل کو حجاب پہننے اپنے اشتہار میں پیش کیا اور ہائی اینڈ ڈیزائنر کمپنی ڈولچے اور گبانا نے بھی حجاب اور عبایا کی ایک نئی لائن متعارف کروائی ہے۔

مختصر لنک:

کاپی