فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل کے ایک اسپتال میں دو جڑواں بچے پیدا ہوئے ہیں جن کے دل آپس میں جڑے ہوئے ہیں جبکہ بقیہ جسم الگ ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق الخلیل شہر کے سرکاری اسپتال کی طرف بتایا گیا ہے کہ بدھ کے روز پیدا ہونے والے جڑواں بچوں کے پیٹ اور سینے آپس میں جڑے ہوئے ہیں اور ان دونوں کا دل ایک ہی ہے۔
اسپتال کے فلسطینی سرجن ڈاکٹر احمدد الطردہ نے بتایا کہ ایک خاتون کو زچکی کی تکلیف کے بعد اسپتال لایا گیا تھا جہاں اس کی سرجری کی گئی تو حیران کن طور پر دو ایسے جڑواں بچے پیدا ہوئے ہیں جن کے دھڑ الگ الگ ہیں مگر پیٹ اور سینےآپس میں جڑے ہوئے ہیں۔ ڈاکٹر طردہ کا کہنا ہے کہ یہ اپنی نوعیت کا ایک منفرد کیس ہے اور دنیا میں ایسے کیسز بہت کم ہوتے ہیں۔
فلسطینی سرجن کا کہنا ہے کہ دل سے جڑے بچوں کی سرجری بہت پیچیدہ ہوگی کیونکہ دونوں کا دل مشترکہ ہے۔ اس طرح کے پیچیدہ مسائل کا کوئی موثر علاج دریافت نہیں ہوسکا۔