پنج شنبه 01/می/2025

ہزاروں فلسطینیوں کا وزیراعظم رامی الحمد اللہ سے استعفے کا مطالبہ

اتوار 9-اپریل-2017

فلسطین کے علاقےغزہ کی پٹی میں رام اللہ حکومت کے ماتحت کابینہ کے سربراہ رامی الحمد اللہ سے استعفے کا مطالبہ کیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق غزہ کی پٹی میں گذشتہ روز ہزاروں فلسطینیوں نے وزیراعظم رامی الحمد اللہ کے خلاف ریلی نکالی۔ مظاہرین وزیراعظم کی جانب سے غزہ کےسرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 30 فی صد کمی کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔ مظاہرین میں غزہ میں صدر محمود عباس کی جماعت ’تحریک فتح‘ کے سیکڑوں ارکان بھی شامل تھے۔

اس موقع پر مظاہرین سخت مشتعل اور غصے میں دکھائی دے رہے تھے۔ انہوں نےوزیراعظم رامی الحمد اللہ کے استعفے کے لیے نعرے لگائے اور مطالبہ کیا کہ رامی الحمد اللہ وزارت عظمیٰ کا عہدہ چھوڑ دیں۔

غزہ میں میڈیکل ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل علاء نعیم نے مرکزاطلاعات فلسطین سےبات کرتے ہوئے کہا کہ  غزہ کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں کمی ان کی عزت پرحملے کے مترادف ہے۔ انہوں نے فلسطینی اتھارٹی پر الزام عاید کیا کہ وہ غزہ کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کے ساتھ کھلواڑ کرکے امتیازی سلوک کررہی ہے۔

احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے فلسطینی صدر محمود عباس اور وزیراعظم رامی الحمد اللہ پر زور دیا کہ وہ غزہ کے ملازمین کا معاشی استحصال کرنے سے باز رہیں۔

خیال رہے کہ حال ہی میں فلسطینی وزیراعظم رامی الحمد اللہ نے غزہ کی پٹی کے تمام سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں بہ یک جنبش قلم 30 فی صد کمی کردی تھی جس پر فلسطین بھر رام اللہ حکومت کے خلاف سخت غم وغصے کی  فضاء پائی جا رہی ہے۔

مختصر لنک:

کاپی