امریکی فوج نے گذشتہ جمعرات کو افغانستان کے صوبہ ننگر ہار میں داعش کے ٹھکانوں پر ایک تباہ کن بم گرایا۔ امریکی حکومت نے دعویٰ کیا کہ یہ ’مادر آف آل بومز‘ یعنی تمام بموں کی ماں ہے۔
امریکا کی جانب سے مادر آف آل بومز کا تجربہ سنہ 2003ء میں کیا گیا تھا مگر اسے کسی جنگ میں پہلی بار استعمال کیا گیا۔
دوسری جانب روس نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ اس نے امریکا کی بموں کی ماں سے زیادہ طاقت ور بم تیار کیا ہے جسے ’فادر آف آل بومز‘ یعنی تمام بموں کا باپ کا نام دیا ہے۔ یہ بم امریکا کے ’تمام بموں کی ماں‘ سے چار گنا زیادہ طاقت ور ہے۔
روسی حکام کا کہنا ہے کہ ان کا تیار کردہ ’بموں کا باپ‘ حجم میں امریکی بم سے چھوٹا مگر تباہی پھیلانے کے اعتبار سے زیادہ طاقت ور ہے۔ یہ بم پھٹنے کے بعد اپنے ہدف پرغیرمعمولی درجہ حرارت پیدا کرتے ہوئے چند لمحوں کے اندر ہرچیز کو جلا کر راکھ بنا دیتا ہے۔
قبل ازیں امریکا نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے افغانستان میں داعش کے سرنگوں کے ایک جال پر ’بموں کی ماں‘ گرائی جس کے نتیجے میں 36 داعشی جنگجو ہلاک ہوئے ہیں۔