قابض صہیونی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس کے جنوب مشرقی قصبے جبل المکبر میں فلسطینی شہریوں کےدو مکان غیرقانونی قرار دے کر مسمار کرڈالے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق’وادی حلوہ ۔ سلوان‘ انفارمیشن سینٹر کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ منگل کے روز صہیونی انتظامیہ نے جبل المکبر کالونی میں محمد امین شقیرات اور عمار سلامہ حدیدون کے مکانات کا محاصرہ کرنے کے بعد انہیں بھاری میشنری کی مدد سے ملبے کا ڈھیر بنا دیا گیا۔
سلامہ حدیدون نے بتایا کہ انہیں اسرائیلی انتظامیہ کی طرف سے مکان خالی کرنے کا کوئی پیش گی نوٹس نہیں ملا۔ وہ سنہ 2011ء سے پانچ بچوں کے ہمراہ اسی مکان میں رہ رہے تھے۔
مکان سے محروم کیے گئے دوسرے فلسطینی شہری محمد امین نے بتایا کہ اس نے اپنے مکان کی تعمیر پر 27 ہزار 475 امریکی ڈالر کے برابر رقم خرچ کی تھی۔ اس کا مکان دو کمروں، کچن اور باتھ روم پر مشتمل تھا۔ قابض صہیونی انتظامیہ کاکہنا ہے کہ اس نے یہ مکان بغیر اجازت کے تعمیر کیا تھا۔ مکان کی مسماری کے نتیجے میں بچوں اور خواتین سمیت 10 افراد بے گھر ہوئے ہیں۔