قابض صہیونی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس میں دو فلسطینی اسکولوں پر دھاو بول کر طلباء اور اساتذہ کو زدو کوب کیا۔ اسکولوں میں گھس کر قیمتی سامان کی توڑپھوڑ کی اور انتظامیہ کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق گذشتہ روز قابض صہیونی فوجیوں کی بھاری نفری نے بیت المقدس میں ابو دیس کے مقام پر واقع ’جواہر نہرو ہائر سکینڈری اسکول‘ اور ابو دیس بوائز ہائی اسکول پر چھاپہ مارا۔ قابض فوجیوں نے اسکولوں میں داخل ہونے سے قبل ان کا محاصرہ کیا۔ بعد ازاں دیواریں اور گیٹ پھلانگ کر اندر داخل ہونے والے اسرائیلی فوجیوں نے طلباء اور اساتذہ کو زدو کوب کیا۔
اسرائیلی فوج نے اسکولوں کی تلاشی کی مہم کے دوران متعدد طلباء کو حراست میں بھی لیا ہے۔
دوسری جانب فلسطینی وزارت تعلیم نے اسکولوں پر اسرائیلی فوج کی یلغار کو سنگین جرم قرار دیا ہے۔ وزارت تعلیم کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ قابض فوج کا اسکولوں کا محاصرہ، ان میں گھس کر توڑپھوڑ کرنا اور طلباء کو ہراساں کرنا منظم غنڈہ گردی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ہمیں یہ اطلاعات ملی ہیں کہ اسرائیلی فوج نے اسکولوں پردھاووں سے قبل ان پر آنسوگیس کی شیلنگ کی تھی جس کے نتیجے میں کئی طلباء اور اساتذہ بے ہوش ہوگئے تھے۔ اسرائیلی فوج کی طرف سے اساتذہ اور طلباء کو زدو کوب کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ صہیونی ریاست ایک منظم پالیسی کے تحت بیت المقدس کے اسکولوں پر پابندیاں عاید کررہی ہے۔