فلسطینی محکمہ امور اسیران اور کلب برائے اسیران نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیلی انتظامیہ اورذرائع ابلاغ نے صہیونی جیلوں میں بھوک ہڑتال کرنے والے اسیران کے حوالے سے افواہوں اور من گھڑت خبریں پھیلانے کی مذموم مہم شروع کی ہے۔ اس مکروہ مہم کا مقصد اسیران کی بھوک ہڑتال کو ناکام بنانا ہے۔
محکمہ اسیران اور کلب برائے اسیران نے فلسطینی عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ دشمن کے ذرائع ابلاغ یا انتظامیہ کی طرف سے سامنے آنے والی کسی بھی خبر پر یقین نہ کریں۔ اسیران سے متعلق کوئی بھی مصدقہ اطلاعات صرف فلسطین کے مستند ذرائع ابلاغ کی طرف سے جاری کی جائے گی۔
بیانات میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی جیل انتظامیہ فلسطینی اسیران کی بھوک ہڑتال کی وجہ سے بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ دوسری طرف اسرائیلی میڈیا ایک منظم حکمت عملی کے تحت اسیران کی بھوک ہڑتال کے بارے میں افواہیں اور من گھڑت کہانیاں شائع کررہا ہے۔ فلسطینی قوم اسرائیلی ذرائع ابلاغ کی بے بنیاد کہانیوں پر کان نہ دھریں۔
بیان میں کہا گیاہے کہ فلسطینی اسیران نے ’آزادی اور عزت‘ کے عنوان سے فلسطینی اسیران نے اجتماعی بھوک ہڑتال ایک تحریک کے انداز میں شروع کی ہے۔ اس تحریک کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ اسرائیلی ذرائع ابلاغ افواہیں پھیلا کر بھوک ہڑتال کی تحریک کو ناکام بنانے کی سازشیں کررہا ہے مگر اس کی یہ سازشیں کامیاب نہیں ہوں گی۔
کلب برائے اسیران کا کہنا ہے کہ بھوک ہڑتالی اسیران کے حوالے سے ایک کمیٹی قائم کی گئی ہے جو بھوک ہڑتال سے متعلق کسی بھی خبر کے صحیحی بے بنیاد ہونے کی وضاحت کرے گی۔ فلسطینی عوام اس وقت تک کسی ایسی افواہ ہر یقین نہ کریں جب تک کہ ان کے بارے میں متعلقہ کمیٹی کی طرف سے کوئی رائے سامنے نہ آجائے۔