چهارشنبه 30/آوریل/2025

القدس بارے’یونیسکو‘ کا فیصلہ عالمی ضمیرکی آوازہے:عرب پارلیمان

جمعرات 4-مئی-2017

عرب ممالک کی نمائندہ پارلیمنٹ نے اقوام متحدہ کے ادارہ برائے سائنس وثقافت ’یونیسکو‘ کے اس فیصلے کو مبنی برحق اور عالمی ضمیر کی آواز قرار دیا جس میں بیت المقدس پر اسرائیلی اقدامات اورغاصبانہ قبضے کو ’باطل‘ قرار دیا گیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق مصر کے صدر مقام قاہرہ میں قائم عرب پارلیمان کے اسپیکر مشعل السلمی نے کہا کہ وہ یونیسکو کا فیصلہ قابل قدر اور عالمی ضمیر کی آواز ہے۔

ایک بیان میں مشعل السلمی کا کہنا تھا کہ عالمی ضمیر ظالم کے خلاف اور مظلوم کے ساتھ کھڑا ہونے کا مطالبہ کرتا ہے۔ بیت المقدس پر اسرائیلی اقدامات اور قبضہ صہیونی ریاست کے مظالم کی بدترین شکل ہے۔ عرب پارلیمان ’یونیسکو‘ کے فیصلے کی بھرپور حمایت اور تائید کرتے ہوئے اس پرعمل درآمد کا مطالبہ کرتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل سنہ 1967ء کے بعد بیت المقدس میں حقائق کو مسخ کرنے اور مقدس شہر پر قبضے کو مستحکم کرنے کی سازشیں کررہا ہے۔ ایسے میں اقوام متحدہ کے ثقافتی ادارے کی طرف سے بیت المقدس میں صہیونی سرگرمیوں کو باطل قراردینا مبنی برحق اور عالمی ضمیر کی پکار کے عین مطابق ہے۔

خیال رہےکہ  حال ہی میں  اقوام متحدہ کی تنظیم برائے سائنس وثقافت ’یونیسکو‘ نے دو تہائی اکثریت سے ایک قرارداد منظور کی تھی جس میں بیت المقدس پر اسرائیلی قبضے کو باطل قرار دیتے ہوئے عالمی معائنہ کار بیت المقدس بھجوانے کا مطالبہ کیا تھا۔

اس قرارداد پر اپنے رد عمل میں بیت المقدس میں اوقاف کونسل کے چیئرمین الشیخ عبدالعظیم سلھب، ڈائریکٹر جنرل القدس اوقاف و مذہبی امور الشیخ محمد عزام الخطیب، مفتی اعظم فلسطین الشیخ محمد حسین، اسپریم اسلامی کونسل کے سربراہ الشیخ عکرمہ صبری، بیت المقدس میں فلسطین کی سپریم اسلامی و مسیحی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر حنا عیسیٰ نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ یونیسکو کی طرف سے بیت المقدس پر اسرائیلی قبضے کے حوالے سے منظور کی گئی قرارداد اہم اور قابل تحسین پیش رفت ہے۔ اس قرارداد نے ایک بار یہ ثابت کردیا ہے کہ بیت المقدس پر اسرائیل کا قبضہ، مسجد اقصیٰ پر ملکیت کا دعویٰ اور دیگر تمام اقدامات اور سرگرمیاں قطعا غیرقانونی ہیں۔

فلسطینی علماء اور مذہبی قیادت نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ یونیسکو کی قرارداد پرعمل درآمد یقینی بنانے کے لیے بیت المقدس پر اسرائیلی قبضے کے خلاف منظور کی گئی قرارداد پرعمل درآمد کرائے اور اسرائیل کو بیت المقدس سے باہر نکالنے کے لیے اقدامات کرے۔

مختصر لنک:

کاپی