قابض اسرائیلی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس کے علاقے باب العمود کے قریب فوجیوں پر مبینہ حملے کے الزام میں نوجوان فلسطینی دوشیزہ کو فائرنگ کر کے شہید کردیا ہے۔
اسرائیلی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق پولیس اہلکاروں نے فلسطینی لڑکی کو مبینہ طور پر حملہ آور ہونے سے روکنے کے لئے فائرنگ کی۔
فلسطین کی وزارت صحت نے لڑکی کی شہادت کی تصدیق کی اوراس لڑکی کی شناخت رام اللہ کے قراوت بنی زید سے تعلق رکھنے والی 16 سالہ فاتن عفیف حجیجی کے طور پر کی گئی ہے۔
اسرائیلی پولیس کی ایک بڑی تعداد نے فور طور پر جائے حادثہ کو گھیرے میں لے لیا اور وہاں پر سرچ اور تفتیشی آپریشن شروع کردئیے۔
عبرانی میڈیا میں شائع کردہ تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فلسطینی لڑکی زمین پر گری ہوئی ہے اور اس کا خون بہہ رہا ہے مگر اس کو کوئی طبی امداد نہیں دے رہا ہے۔
بیت المقدس انتفاضہ کے آغاز سے اب تک 305 فلسطینیوں کو مختلف حیلوں بہانوں سے اسرائیلی فوج شہید کرچکی ہے۔ ان میں 18 سال سے کم عمر کے 84 لڑکے اور 28 لڑکیاں شامل ہیں۔