اسرائیلی جیل انتظامیہ کی طرف سے فلسطینی بھوک ہڑتالی اسیران کے ساتھ مسلسل بدسلوکی اور جارحانہ سلوک جاری ہے۔ گذشتہ روز ’ایچل‘ جیل میں بھوک ہڑتال کرنے والے کئی فلسطینی اسیران کو سنگین جرائم میں ملوث قیدیوں کے لیے بنائے گئے سیل میں ڈال دیا گیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسیران کی بھوک ہڑتال کو فالو کرنے کرنے کے لیے قائم کردہ کمیٹی کی طرف سے کہا گیا ہے کہ ایچل جیل میں قید بھوک ہڑتالی اسیر بلال عجارمہ کو 25 روز کے دوران کئی جیلوں میں منتقل کیا گیا۔ ایک سے دوسری جیل میں منتقلی کے ظالمانہ طرز عمل کے دوران اسیران کے ساتھ کھلے عام بدسلوکی کی جاتی ہے۔
بیان میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ روز کلب برائے اسیران کےایک مندوب نے بھوک ہڑتالی اسیر بلال عجارنہ سے ملاقات کی۔ عجارنہ نے بتایا کہ صہیونی جیل انتظامیہ نے اسے نفحہ جیل سے عسقلان جیل کے قید تنہائی کے سیل میں منتقل کیا۔ اس کی تمام بنیادی ضرورت کی چیزیں اس سے چھین لیں۔حتیٰ کہ کپڑے تک چھین لیے گئے۔
بعد ازاں 30 اپریل کو اسے ایچل جیل منتقل کیا گیا۔ اس کے ساتھ چار دوسرے بھوک ہڑتالی اسیران اکرم ابو بکر، محمود ابو سرور، وسیم الجلاد اور ایمن الشرباتی کو سنگین جرائم کے قیدیوں کے لیے قائم کردہ سیلوں میں ڈالا جہاں پر ہرطرف موذی کیڑوں اور گندگی کے سوا کچھ نہیں۔
خیال رہے کہ 17 اپریل کو 1500 فلسطینی اسیران نے اپنے حقوق کے حصول کے لیے اجتماعی بھوک ہڑتال شروع کی تھی۔ یہ ہڑتال آج 26 ویں روز میں داخل ہوچکی ہے۔ اس وقت بھوک ہڑتالی اسیران کےقافلے میں 1800 اسیران شامل ہوچکے ہیں۔