پنج شنبه 01/می/2025

استنبول میں طلباء کا فلسطینی اسیران سے یکجہتی کے لیے دھرنا

ہفتہ 13-مئی-2017

اسرائیلی جیلوں میں اپنے حقوق کے لیےمسلسل 27 روز سے بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینی اسیران کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے اندرون اور بیرون ملک یکجہتی تقریبات جاری ہیں۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق کل جمعہ کو ترکی کے شہر استنبول میں بھی یونیورسٹی کے سیکڑوں طلباء اور طالبات نے فلسطینی بھوک ہڑتالی اسیران کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے دھرنا دیا۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی اسیران سے اظہار یکجہتی کی یہ تقریب استنبول کی صلاح الدین یونیورسٹی کے طلباء وطالبات کی طرف سے منعقد کی گئی تھی جس میں سیکروں طلباء نے شرکت کی۔ مظاہرے میں شریک طلباء وطالبات نے ہاتھوں میں فلسطینی پرچم، بینرز اور اسیران کی تصاویر اٹھا رکھی تھی۔

اس موقع پر اسیران کے مسائل اور صہیونی زندانوں میں ان پر ڈھائے جانے والے مظالم کو خاکوں کی مدد سے اجاگر بھی کیا گیا۔

مظاہرین نے ترک حکومت سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینی اسیران کے مطالبات کی سرکاری سطح پر حمایت کرتے ہوئے  اسرائیل پر فلسطینی قیدیوں کے حقوق انہیں فراہم کرنے کے لیے دباؤ ڈالے۔

اس موقع پر طلباء نے فلسطینی اسیران کے ساتھ اظہار یکجہتی کی تقریبات جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور انسانی حقوق کی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ اسرائیلی زندانوں میں پابند سلاسل فلسطینیوں کے حقوق کو عالمی سطح پر اجاگر کریں۔

خیال رہے کہ اسرائیلی جیلوں میں 17 اپریل سے سیکڑوں فلسطینی اسیران بھوک ہڑتال جاری رکھے ہوئے ہیں۔ آج ان کی  ہڑتال کا 27 واں دن ہے۔ اسیران بھوک سے نڈھال ہیں مگر ان کا عزم توانا ہے۔ اسیران کی طرف سے آنے والے پیغامات میں کہا گیا ہے کہ وہ اپنے مطالبات پورے ہونے تک بھوک ہڑتال جاری رکھیں گے۔

مختصر لنک:

کاپی