فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر طولکرم میں آج منگل کے روز فلسطینی اسیران کی حمایت میں نکالی گئی ایک ریلی پر فلسطینی اتھارٹی کے نام نہاد سیکیورٹی اہلکاروں نے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں درجنوں شہری شدید زخمی ہوگئے۔
مقامی شہریوں اور عینی شاہدین نے بتایا کہ طولکرم میں اسیران کے اہل خانہ نے احتجاج کے طور پر شہر کی ایک مرکزی شاہراہ بلاک کرکے احتجاج شروع کیا تو عباس ملیشیا کے اہلکاروں نے ان پر لاٹھی چارج، آنسوگیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں کئی شہری زخمی ہوگئے۔
عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ مظاہرین نے طولکرم میں عنبتا قصبے کی طرف جانے والی سڑک اور ایک مرکزی سڑک بلاک کردی تھی۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ عباس ملیشیا کے سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکاروں نے پہلے مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کی۔ بعد ازاں عباس ملیشیا کے وردی پولیش اہلکاروں نے بھی چڑھائی کردی جس کے نتیجے میں متعدد مظاہرین زخمی ہوگئے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی جیلوں میں 1800 سے زاید فلسطینی گذشتہ ایک ماہ سے صہیونی مظالم کے خلاف بہ طور احتجاج بھوک ہڑتال کررہے ہیں۔ اسیران کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے فلسطین کے مختلف شہروں میں ہونے والے مظاہروں پر نہ صرف صہیونی فوج تشدد کے مکروہ حربے استعمال کرتی ہے بلکہ عباس ملیشیا بھی اسیران سے یکجہتی کے جلوسوں کو منتشر کرنے کے لیے اسرائیلی فوج کے شانہ بہ شانہ چل رہی ہے۔