گذشتہ ایک ہفتے کے دوران اسرائیلی فوج اور فلسطینی شہریوں کے درمیان ہونے والی جھڑپوں اور مزاحمتی سرگرمیوں کی تفصیلات کے مطابق پچھلے ہفتے تین فلسطینی شہید ہوئے۔ فلسطینیوں کی مزاحمتی کارروائیوں میں 9 صہیونی زخمی ہوئے جب کہ تین فدائی حملے کیے گئے۔ اعدادو شمار کے مطابق گذشتہ ہفتے کے دوران فلسطینی شہریوں نے148 مقامات پر صہیونی فوج اور پولیس کے خلاف مزاحمتی کارروائیوں اور جھڑپوں میں حصہ لیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق گذشتہ جمعہ کے روز فلسطینیوں کی مزاحمتی کارروائیوں کے دوران کفر مالک اور عابود کے مقامات پر تین اسرائیلی فوجی زخمی ہوئے۔ اسی روز اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 13 فلسطینی زخمی ہوئے۔ 38 فلسطینیوں کو ربڑ کی گولیوں سے نشانہ بنایا کر زخمی کیاگیا جب کہ آنسوگیس کی شیلنگ سے 150 فلسطینی زخمی ہوئے۔
جمعہ کو غرب اردن، بیت المقدس، الخلیل، رام اللہ، طولکرم، سلفیت، جنین، نابلس ، طوباس، اریحا، قلقیلیہ اور غزہ میں 44 مقامات پر فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔
جمعرات کے روز اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں 23 سالہ صحافی معتز حسین ہلال بنی شمسہ کو مشرقی نابلس میں بیتا قصبے کے حوارہ چوک میں گولیاں مار کر شہید کیا گیا۔
اسی کارروائی میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 14 فلسطینی زخمی جب کہ آنسوگیس کی شیلنگ سے 17 فلسطینی زخمی ہوئے۔
جمعرات کے روز سلواد میں فلسطینیوں کی سنگ باری سے ایک اسرائیلی فوجی زخمی ہوا۔ بیت امر، العیساویہ، قلندیا چیک پوسٹ، الرام، یہودی کالونی کرمی زور، بیت المقدس اور اس کے اطراف، الخلیل ، رام اللہ، بیت لحم، سفلیت، طولکرم، نابلس اور قلقیلیہ میں 23 مقامات پر مزاحمتی کارروائیاں کی گئیں۔
بدھ کے روز الیشمع یہودی کالونی میں ایک یہودی آباد کار خاتون زخمی ہوئیں اور حملہ آور بہ حفاظت فرار میں کامیاب ہوگیا۔
بدھ کے روز فلسطین کے شہروں میں 27 مقامات پر اسرائیلی فوج اور فلسطینیوں کے درمیان تصادم ہوا۔
گذشتہ منگل کو بیت لحم میں حوسان کے مقام پر سنگ باری سے دو صہیونی زخمی ہوئے۔ اس روز بیت المقدس، اس کے اطراف، رام اللہ، بیت لحم، نابلس، قلقیلیہ میں 13 مقامات پر اسرائیلی فوج سے تصادم ہوا۔ صہیونی فوج کی کارروائیوں میں4 فلسطینی شہری زخمی ہوئے۔
گذشتہ سوموار کو اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 25 سالہ فلسطینی ماہی گیر محمد ماجد بکر شہید ہوا۔ اس روز فلسطینی شہریوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان 26 مقامات پر تصادم ہوا۔ اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 8فلسطینی زخمی اور آنسوگیس کی شیلنگ سے 20 شہری بے ہوش ہوئے۔
بیت المقدس اور غرب اردن کے شہروں میں 10 مقامات پر اسرائیلی فوج اور فلسطینیوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ گذشتہ ہفتے کو اسرائیلی فوج نے 57 سالہ ایک فلسطینی نژاد اردنی شہری کو گولیاں مار کر شہید کیا۔ اسرائیلی پولیس نے الزام عاید کیا کہ محمد عبداللہ سلیم الکسجی نے مسجد اقصیٰ کے قریب ایک اسرائیلی پولیس اہلکار کو چاقو گھونپ دیا تھا۔