چهارشنبه 30/آوریل/2025

طب کے عالمی مقابلے میں دو فلسطینی طالبات پیش پیش!

پیر 22-مئی-2017

امریکا کی جنوب مغربی ریاست کیلیفورنیا میں منعقدہ طب کے ایک بین الاقوامی مقابلے میں دو فلسطینی طالبات نے بھی چوتھی پوزیشن حاصل کرکے اپنی اہلیت اور علمی استعداد کا لوہا منوایا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق امریکی شہر لاس اینجلس میں  ’انٹل سائنس وٹیکنالوجی‘ نمائش میں 100 ممالک کے طلباء طالبات کے طب کی تحقیقات پر مبنی 8000 پروگرامات پیش کئے گئے۔ اس نمائش میں مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر طولکرم سے تعلق رکھنے والے دو طالبات روز برکات اور رغد مرعی نے بھی حصہ لیا۔ ’بائیو میڈیکل فیلڈ‘ ان کی تحقیق کو غیرمعمولی پیمانے پرسراہا گیا اور انہیں اس شعبے میں چوتھا مقام ملا ہے۔

نمائش کے منتظمین نے دونوں فلسطینی طالبات کی حوصلہ افزائی کے لیے ان انہیں انعامات سے بھی نوازا۔

ادھر دوسری جانب فلسطینی وزارت تعلیم نے فلسطینی طالبات کے عالمی مقابلے میں پیش پیش رہنے پرانہیں مبارک باد پیش کرنے کے ساتھ ان کی خدمات کو سراہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایک سو ممالک کے 8000 شرکاء میں اپنا نام پیدا کرنا کوئی معمولی بات نہیں۔

فلسطینی وزارت تعلیم کے ڈائریکٹر جنرل برائے سائنس وٹیکنالوجی طالب الحاج نے فلسطینی طلباء پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیمی کارکردگی اور استعداد کو بہتر بنانے کے لیے مسلسل محنت کریں اور عالمی مقابلوں میں حصہ لینے کے جذبے کو ماند نہ پڑنے دیں۔

قدس پریس سے بات کرتے ہوئے طالب الحاج نے کہا کہ فلسطینی طالبات رغد مرعی اور روز برکات نے عالمی سطح پر فلسطینی قوم کا اور قومی پرچم فخر سے بلند کردیا ہے۔ فلسطینی قوم کو اپنی ان ہونہا بیٹیوں پر فخر ہے جنہوں نے عالمی نقشے میں اپنی محنت کے ذریعے فلسطین کا رنگ نمایاں کیا اور ملک کوممتاز مقام دلایا ہے۔

مختصر لنک:

کاپی