فلسطینی قومی کمیٹی برائے یکجہتی اسیران کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی جیلوں میں بھوک ہڑتال کرنے والے اسیران کی حمایت میں ملک بھر میں جلسے جلوسوں اور مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ گذشتہ روز مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں انسانی حقوق کی تنظیم ریڈ کراس کے دفتر کے باہر سیکڑوں فلسطینیوں نے بھوک ہڑتالی اسیران کی حمایت میں مظاہرہ کیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسیران سے یکجہتی کمیٹی کا کہنا ہے کہ نابلس شہر میں خواتین نے اسیران کی حمایت میں اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کی ایک مہم بھی شروع کر رکھی ہے۔
انہی خواتین کی جانب سے ریڈ کراس کے دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں خواتین کی نمائندہ تنظیموں کی کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ خواتین نے ہاتھوں میں بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر اسیران کی حمایت اور اسرائیل کے خلاف نعرے درج تھے۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے بھوک ہڑتالی اسیران کے معاملے میں اختیار کردہ صہیونی پالیسی کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اسرائیلی انتظامیہ سوچے سمجھے منصوبے کے تحت اسیران کے جائز مطالبات کو نظر انداز کررہی ہے۔ انہوں نے انسانی حقوق کی تنظیم ریڈ کراس اور عالمی اداروں سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینی اسیران کی بھوک ہڑتال میں اسیران کا ساتھ دیں اور ان کے مطالبات کی حمایت کرتے ہوئے صہیونی ریاست پر دباؤ ڈالیں۔