جمعه 15/نوامبر/2024

اسرائیلی فوج کی لبنان کی بحری اور فضائی حدود کی خلاف ورزیاں

اتوار 28-مئی-2017

لبنانی فوج نے کہا ہے کہ اسرائیلی بحریہ اور فضائیہ نے اس کی بحری اور فضائی حدود کی مسلسل خلاف ورزیاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق لبنانی فوج کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ روز جنوبی ساحلی علاقے الناقورہ میں اسرائیل کی جنگی کشتیاں لبنان کی سمندری حدود کو پار کرتی ہوئی لبنان کی حدود میں داخل ہوگئیں۔ اسی دوران اسرائیل کے بغیر پائلٹ جاسوس طیارے لبنان کی فضائی حدود میں داخل ہوگئے تھے۔

لبنانی فوج کی سرکاری ویب سائیٹ پر پوسٹ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی بحریہ کی 8 جنگی کشتیاں راس الناقورہ سے 455 میٹر لبنان کی حدود میں داخل ہوگئیں۔

بیان کے مطابق اسرائیلی بحریہ نے  جمعرات اور جمعہ کے درمیان سمندری حدود کی خلاف ورزی کی جب کہ جمعہ کی شام کو اسرائیلی فوج کے ڈرون طیارے لبنان کی فضائی حدود میں داخل ہوئے جو جنوبی سرحدی قصبے رمیش کے اوپر پرواز کرنے کے بعد واپس ہوئے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی بحریہ اور فضائیہ کی جانب سے لبنان کی حدود کی خلاف ورزیوں کے واقعات کی روک تھام کے لیے  لبنانی فوج اقوام متحدہ کے ساتھ مل کر کام کررہی ہے۔

خیال رہے کہ لبنان اور اسرائیل کے درمیان طے پائی جنگ بندی اور سلامتی کونسل کی قرارداد 1701 میں دونوں ملکوں پر ایک دوسری کی زمینی، فضائی اور سمندری حدود کا احترام کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

مختصر لنک:

کاپی