پنج شنبه 01/می/2025

القدس محکمہ اوقاف کی استقبال رمضان کے انتظامات مکمل

اتوار 28-مئی-2017

مسجد اقصیٰ کی انتظامی امورکے ڈائریکٹر الشیخ عمر الکسوانی نے کہا ہے کہ بیت المقدس کے محکمہ اوقاف نے ماہ صیام کےدوران قبلہ اول میں آنے والے نمازیوں اور روزہ داروں کو ہرممکن سہولیات مہیا کرنے کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔

مرکزاطلاعات فلسطین سے بات کرتے ہوئے الشیخ عمر الکسوانی نے کہا کہ فلسطینی محکمہ اوقاف ومذہبی امور کےتمام متعلقہ محکموں کی طرف سے القدس اور مسجد اقصیٰ میں ماہ صیام کے استقبال کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

الکسوانی نے کہا کہ ماہ صیام کےدوران مسجد اقصیٰ میں روزہ داروں کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ایک میڈیکل ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ ہلال احمر کے تعاون سے فیلڈ اسپتال اور کسی بھی ہنگامی صورت میں ایمبولینس اور ہنگامی طبی عملہ بھی فراہم کیاجائے گا۔ آخری عشرے میں قبلہ اول میں اعتکاف کے باعث غیرمعمولی رش ہوتا ہے، اس دوران کسی بھی معتکف، نمازی یا روزہ دار کو کسی بھی طبی ضرورت کے پیش نظر ڈاکٹروں کی خدمات فراہم کی گئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ماہ صیام کے جمعہ کے ایام اور لیلۃ القدر کو مختلف انتظامی کمیٹیوں کے 200 رضاکاروں کو قبلہ اول میں روزہ داروں کی خدمت پر مامور کیا جائے گا۔

ان رضا کاروں میں دوسرے شہروں سےپہلی بار مسجد اقصیٰ آنے والے روزہ داروں کو راستوں اور دیگر مقامات کی رہ نمائی بہم پہنچائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ مسجد اقصیٰ میں روزانہ فجر اور عشاء کی نمازیوں کے بعد جید علماء کرام کے دروس قرآن کا اہتمام کیا گیا ہے۔

مسجد اقصیٰ میں نماز تراویح کے لیے خوش الحان قرآء، حفاظ علماء کا تقرر کیا گیا ہے۔ ماہ صیام کے آخری عشرے میں اردن سے تعلق رکھنے والے ایک حافظ قرآن قبلہ اول میں نماز تراویح کا اہتمام کریں گے۔

مسجد اقصیٰ میں 20 رکعت نماز تراویح ادا کی جائے گی اور یومیہ قرآن پاک کا ایک پارہ تراویح میں تلاوت کیا جائے گا۔

الشیخ الکسوانی کا کہنا تھا کہ حسب سابق اس سال بھی مختلف تنظیموں کی طرف سے مسجد اقصیٰ میں سحر وافطار کا باقاعدگی سے اہتمام کیا گیا ہے۔

پچیس رمضان المبارک کےبعد مسجد اقصیٰ میں قیام اللیل کا بھی اہتمام کیا جائے گا اورقیام اللیل میں حصہ لینے والے احباب نماز فجر کی اذان سے ڈیڑھ گھنٹہ قبل مسجد میں اپنی آمد یقینی بنائیں گے۔

مردو خواتین روزہ داروں کے اعتکاف کے لیے الگ الگ مقامات مختص کیے جائیں گے۔ المصلیٰ المروانی میں مردوں کے اعتکاف کا اہتمام ہوگا جب کہ پرانی مسجد میں خواتین اعتکاف کریں گی۔

مختصر لنک:

کاپی