اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ نے فلسطینی اتھارٹی کی جانب سے بغیر کسی وجہ کے 11 نیوز ویب سائیٹ جس میں مرکزاطلاعات فلسطین ویب سائیٹ بھی شامل ہے کی بندش کی شدید مذمت کی ہے۔ حماس کا کہنا ہے کہ نیوز ویب سائیٹ بند کرکے فلسطینی اتھارٹی نے صہیونی دشمن کو خوش کرنے کی کوشش کی ہے۔ فلسطینی اتھارٹی صہیونی ریاست کی آلہ کار کا کردار ادا کرکے اپنی قوم کے خلاف اوچھے ہتھکنڈوں پر اترآئی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے سیاسی شعبے کے سینیر رکن عزت الرشق نے ایک بیان میں کہا کہ فلسطینی اتھارٹی کی طرف سے نیوز ویب سائیٹس کی بندش اسرائیلی دشمن کو خوش کرنا اور صہیونی ریاست کی مجرمانہ پالیسی کی خدمت کرنے کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی ذرائع ابلاغ پر یلغار کا فایدہ صرف اسرائیل کو ہوگا۔ فلسطینی قوم کو اس کا کوئی فایدہ نہیں۔ فلسطینی اتھارٹی نے ایک بار پھرثابت کیا ہے کہ وہ اسرائیل کی آلہ کار بن کر ظلم کے خلاف اٹھنے والی آوازوں کو دبانے اور ذرائع ابلاغ کا گلا گھونٹنے کی سازش کررہی ہے۔
خیال رہے کہ فلسطینی اتھارٹی کے ماتحت پراسیکیوٹر جنرل نے انٹرنیٹ کی سہولیات فراہم کرنے والی کمپنیوں کو ہدایت کی ہےکہ وہ 11 نیوز ویب سائیٹ کو بلاک کردیں۔
پراسیکیوٹر کی ہدایت پر اسلامی تحریک مزاحمت حماس کی مقرب ویب سائیٹس، مرکزاطلاعات فلسطین ، تحریک فتح کے مقرب نیوز ویب پورتل، اجناد، صوت الاخباری، شہاب نیوز نیٹ ورک، فلسطین الآن نیوز ایجنسی، فلسطین آن لائن، فلسطین پریس،، فراس پریس، شفا نیوز، امامہ نیوز اور امد نیوز شامل ہیں۔
خیال رہے کہ مرکزاطلاعات فلسطین ویب سائیٹ دسمبر 1997ء کو لانچ کی گئی تھی۔ فلسطین میں قضیہ فلسطین کی نمائندہ اور حقائق کی بنیاد پررپورٹنگ کرنے والی یہ پہلی جامع عربی ویب سائیٹ ہے جو اب عربی سمیت آٹھ دوسری زبانوں میں دنیا بھر میں فلسطین کا پیغام پہنچا رہی ہے۔ فلسطینی ذرائع ابلاغ پر فلسطینی اتھارٹی کی یلغار پر فلسطینی کے عوامی اور سیاسی حلقوں کی طرف سے شدید رد عمل سامنے آیا ہے۔