فلسطینی اتھارٹی کی جانب سے ملک کے مقبول ذرائع ابلاغ کے خلاف انتقامی کارروائی پر فلسطین کے سیاسی اور ابلاغی حلقوں کی طرف سے شدید رد عمل سامنے آیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق عوامی محاذ برائے آزدای فلسطین نے ایک بیان میں فلسطینی اتھارٹی کی طرف سے نیوز ویب سائیٹس کی بندش کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے فلسطینی ذرائع ابلاغ پر براہ راست حملہ قرار دیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقوں میں مرکزاطلاعات فلسطین سمیت ایک درجن سے زاید ویب سائیٹس اور نیوز ویب پورٹل کی بندش فلسطینی اتھارٹی کے اخلاقی دیوالیہ پن کا واضح ثبوت ہے۔
عوامی محاذ کا کہنا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی نے ملک کے نمائندہ اور قضیہ فلسطین کے ترجمان سمجھے جانے والے ذرائع ابلاغ کے خلاف کارروائی کرکے اسرائیل نوازی کا مظاہرہ کیا ہے۔ فلسطینی قوم اس طرح کے انتقامی اقدامات کو کسی صورت میں قبول نہیں کریں گے۔ عوامی محاذ کا کہنا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی نیوز ویب پورٹل کو بند کرکے حق اور سچ کی آواز کو دبا کرخود کو امریکا اور صہیونیوں کا آلہ کار ثابت کررہی ہے۔
خیال رہے کہ حال ہی میں فلسطینی اتھارٹی نے مسئلہ فلسطین کی آواز پوری دنیا تک پہنچانے میں سرگرم مرکزاطلاعات فلسطین سمیت ایک درجن سے زاید اخباری ویب سائیٹس بند کردی تھیں۔ اخباری ویب سائیٹس کی بندش کے خلاف فلسطین کے عوامی، ابلاغی اور سیاسی حلقوں کی طرف سے شدید رد عمل جاری ہے۔