چهارشنبه 30/آوریل/2025

فلسطینی اتھارٹی نے ’صفا‘ خبر ایجنسی کی ویب سائیٹ بلاک کر دی

پیر 19-جون-2017

فلسطینی اتھارٹی کی طرف سے مقامی اور عرب ذرائع ابلاغ کی ویب سائیٹس کے خلاف شر انگیز اور انتقامی پالیسی پرمبنی مہم جاری ہے۔ تین روز قبل مرکزاطلاعات فلسطین کی ویب سائیٹ سمیت ایک درجن اخباری ویب سائیٹس کی بندش کے بعد اب فلسطینی خبر رساں ایجنسی ’صفا‘ کی ویب سائیٹ بھی بلاک کردی گئی ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے کے شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ کل سے safa.ps ویب سائیٹ کھولنے کی کوشش کررہے ہیں مگر ویب پورٹل مسلسل بند ہے۔

صارفین کا کہنا ہے کہ ویب سائیٹ کھولنے کی کوشش کرنے پرسامنے ایک پیغام آتا ہے جس میں لکھا ہے کہ متعلقہ اداروں کی طرف سے ویب سائیٹ کو عارضی طور بند کردیا گیا ہے۔ بعض اوقات ’داخلہ منع ہے‘ کا پیغام سامنے آتا ہے۔ یہ اس بات کا بین ثبوت ہے کہ فلسطینی اتھارٹی کے حکام نے دیگر ویب پورٹلز کے ساتھ ساتھ ’صفا‘ خبر رساں ایجنسی کی ویب سائیٹ بھی بلاک کردی ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ جمعرات کو فلسطینی اتھارٹی نے رام اللہ اور غرب اردن کے دیگر شہروں میں مرکزاطلاعات فلسطین سمیت 11 نیوز ویب سائیٹس تک رسائی روک دی تھی۔

فلسطینی اتھارٹی کے پراسیکیوٹر جنرل محمد براک کا کہنا ہے کہ انہوں نے انٹرنیٹ کی سہولیات فراہم کرنے والی کمپنیوں کو اخباری ویب سائیٹس کی ایک فہرست جاری کی ہے جنہیں بلاک کرنے کو کہا گیا ہے۔

دوسری جانب فلسطین کے عوامی، سیاسی اور ابلاغی حلقوں نے اخباری ویب سائیٹس کی بندش کو ذرائع ابلاغ کا گلا گھونٹنے کی دانستہ سازش اور اسرائیل کو خوش کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔

 

مختصر لنک:

کاپی