قابض صہیونی حکومت نےدھمکی آمیز بیان میں کہا ہے کہ وہ کسی بھی وقت بیت المقدس میں فلسطینیوں کی بلاحی سرگرمیوں میں مصروف امدادی اداروں کے بنک کھاتے بند کردے گی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی حکومت کی جانب سےمقبوضہ بیت المقدس میں کام کرنے والی فلاحی تنظیموں کو انتباہی نوٹس جاری کیے ہیں جن میں ان سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے اپنے بنک کھاتے خود بہ خود بند کریں ورنہ حکومت ان کے بنک کھاتے سیل کردے گی۔
بیت المقدس کے امور سے متعلق ایک تنظیم کی طرف سے منگل کو جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ صہیونی انتظامیہ نے القدس میں کام کرنے والی تمام این جی اوز کو نوٹس جاری کیے ہیں جن میں ان سے کہا گیا ہے کہ وہ بنکوں میں موجود اپنے اکاؤںٹ ختم کرتے ہوئے ان اکاؤنٹس کی چیک بکس حکومت کے حوالے کردیں۔
دوسری جانب انسانی حقوق کی تنظیموں نے صہیونی ریاست کے اس اقدام کو فلسطینیوں کے خلاف معاشی پابندیاں مسلط کرنے کی کھلی جارحیت قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ قابض حکومت نام نہاد دعوؤں کی آڑ میں بیت المقدس کے غریب، نادار، یتیم اور بے سہارا افراد کے منہ سے نوالہ چھیننے کی سازش کررہی ہے۔
خیال رہے کہ مقبوضہ بیت المقدس میں مقامی فلسطینی آبادی کی بہبود کے لیے سرگرم تنظیموں کے خلاف صہیونی انتظامیہ کی انتقامی کارروائی کا یہ پہلا واقعہ نہیں۔ اس سے قبل بھی قابض حکومت فلسطینیوں کی فلاح بہود اور ان کی معاونت کے لیے کام کرنے والے اداروں کو مختلف بہانوں سے زیرعتاب لاچکے ہیں۔