قابض صہیونی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر جنین میں گذشتہ دنوں دوتان چوکی پر شہید کی گئی فلسطینی بچی نوف عقاب انفیعات کے گھر پر چھاپہ مارا۔ قابض فوج نے شہیدہ کے والدین اور دیگر اہل خانہ کو تشدد کا نشانہ بنایا اور انہیں ہراساں کرنے کے بعد گھر میں بڑے پیمانے پر توڑ پھوڑ کی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کےمطابق قابض صہیونی فوج کی بڑی تعداد نے یعبد میں شہیدہ کے گھر پر دھاوا بولا اور گھر میں موجود اس کے والدین اور دیگر اقارب کو تشددکا نشانہ بنایا۔ قابض فوج نے شہیدہ کےوالد کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔
مقامی ذرائع نے مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کو بتایا کہ قابض فوجیوں نے شہیدہ انفیعات کے گھر پر چھاپہ مارا اور توڑپھوڑ کی۔
قابض فوج نے اہل خانہ کو کئی گھنٹے تک شناخت پریڈ کے لیے کھڑے رکھا۔ اس دوران شہیدہ کے والد سے پوچھ تاچھ کی گئی۔
خیال رہے کہ نوف انفیعات چند روز قبل مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر جنین میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے شہید ہوگئی تھی۔ اسرائیلی فوج نے الزام عاید کیا تھا کہ انفیعات نے ایک اسرائیلی فوجی کو چاقو گھومپ کر زخمی کردیا تھا جس پر قریب موجود دوسرے فوجیوں نے اس پر فائرنگ کرکے اسے شہید کردیا تھا۔