اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر جنین میں سرکردہ فلسطینی مذہبی و سیاسی رہ نما الشیخ جمال ابو الھیجاء کےگھر پر چھاپہ مارا، گھر میں توڑپھوڑ کے بعد اسیر رہ نما کے بیٹے عاصم جمال کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔
مقامی فلسطینی ذرائع نے مرکزاطلاعات کو بتایا کہ دسیوں اسرائیلی فوجیوں نے الشیخ جمال ابو الھیجاء کے گھر کا محاصرہ کیا۔ بعد ازاں کئی فوجی اشتعال انگیز طریقے سے گھر میں داخل ہوئے اور تلاشی کی آڑ میں توڑپھوڑ اور لوٹ مار کی۔ گھر میں موجود خواتین اور بچوں کو ہراساں کرنے کےبعد اسیر رہ نما کے جواں سال بیٹے عاصم کو حراست میں لے لیا۔ اسرائیلی فوج نے جمال الھیجا کے دو بیٹوں عبدالسلام اور عماد کے گھروں پر بھی چھاپے مارے اور خواتین اور بچوں کو زدو کوب کیا۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائیلی فورسز نے عاصم جمال کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔
خیال رہے کہ غرب اردن سےتعلق رکھنے والے سرکردہ حماس رہ نما الشیخ ابو الھیجاء کے اہل خانہ کو زدو کوب کرنے اور ان کی گرفتاری کا یہ پہلا موقع نہیں۔اسرائیلی فوج آئے روز ان کے گھروں پر چھاپے مارتی اور انہیں زدو کوب کرتی رہتی ہے۔