ترکی کے صدر طیب ایردوآن نے کہا ہے کہ ان کا ملک خلیجی ریاست قطر کی حکومت اور عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گا۔ انہوں نے خلیجی ممالک پر زور دیا کہ وہ باہمی اختلافات کو بات چیت کے ذریعے دور کرنے کی کوشش کریں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ترک صدر نے ان خیالات کا اظہار قطری وزیر دفاع خالد العطیہ سے انقرہ میں ہونے والی ملاقات کے دوران کیا۔
قطری وزیر دفاع اور ترک صدر کے درمیان ملاقات ترکی کی حکمراں جماعت ’اْق‘ کے صدر دفتر میں ہوئی۔ ڈیڑھ گھنٹہ جاری رہنے والی اس ملاقات کے دوران ترک وزیر دفاع فکری اشیق بھی موجود تھے۔
خیال رہے کہ ترک وزیر دفاع گذشتہ جمعرات کو سرکاری دور پر ترکی پہنچے تھے جہاں انہوں نے اپنے ترک ہم منصب سمیت کئی دوسرے حکام سے بھی ملاقاتیں کیں۔
ذرائع کے مطابق ترک صدر نے قطری وزیردفاع سے ملاقات کے دوران انہیں ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔ صدر ایردوآن کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت قطر کو تنہا نہیں چھوڑے گی بلکہ موجودہ بحران میں قطر کی ہرممکن مدد کی جائے گی۔
خیال رہے کہ پانچ جون کو سعودی عرب، بحرین، متحدہ عرب امارات اور مصرنے قطر کا سفارتی اور معاشی بائیکاٹ کردیا تھا۔ ان ملکوں نے قطر پر دہشت گردی کی پشت پناہی اور مالی معاونت کا الزام عاید کیا ہے تاہم قطر ان الزامات کی سختی سے تردید کرتا ہے۔