اسرائیل کے عبرانی ذرائع ابلاغ نے بتایا ہے کہ مقبوضہ فلسطین میں قائم ایک فوجی اڈے سے ’ایم 16‘ طرز کی33 کلاشنکوفیں چوری ہوگئی ہیں۔
اسرائیل کے عبرانی نیوز ویب پورٹل ’وللا‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ یہ کلاشنکوفیں گولانی بریگیڈ کے ’سڈیہ ٹیمن‘ نامی ایک فوجی اڈے سے چوری ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ بندوقیں کیمپ میں کام کرنے والے بعض افراد کی ملی بھگت سے چوری کی گئی ہیں۔ کلاشنکوفیں چوری ہونے کے بعد اسرائیلی فوج میں کھلبلی مچ گئی اور اسلحہ کی چوری کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
عبرانی ویب پورٹل کے مطابق اسرائیلی فوج کو شبہ ہے کہ کیمپ میں کام کرنے والے دو غیر سرکاری ملازمین نے یہ اسلحہ پچاس ہزار شیکل کے عوض جرائم پیشہ افراد کو فروخت کیا ہے۔
ملٹری پولیس نے مشتبہ ملزمان کو حراست میں لے کر ان سے تفتیش شروع کی ہے تاہم حتمی طور پر ان کے ملوث ہونے کے بارے میں کوئی رپورٹ سامنے نہیں لائی گئی۔