فلسطینی جماعت اسلامی جہاد کے مسلح ونگ القدس بریگیڈ نے ایک بار پھر قابض اسرائیل کے ساتھ کسی بھی ممکنہ جنگ کے لئے مکمل تیاری کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام اور ان کے مفادات کے دفاع اور فلسطینی زمین کے دفاع کے لئے ہر دم تیار ہیں۔
غزہ جنگ کی تین سال مکمل ہونے کے موقع پر القدس بریگیڈ کے ترجمان ابو حمزہ کا کہنا تھا کہ اسلامی جہاد کا مسلح ونگ گزشتہ جنگ کے بعد بہت مضبوط ہوگیا ہے اور اسرائیل کے ساتھ کسی بھی مقابلے کے لئے تیار ہے۔
ابو حمزہ نے مزید بتایا کہ القدس بریگیڈ اپنی مسلح مزاحمت کو صرف فلسطینی زمین کے دفاع اور آزادی، مقدس مقامات کے کنٹرول اور اسیران کی آزادی کے لئے استعمال کرے گی۔
انہوں نے فلسطینی اتھارٹی سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کے ساتھ جاری سیکیورٹی تعاون کو ختم کردے اور غرب اردن میں موجود مزاحمت کو اپنے دفاع کے لئے آزادی دی جائے۔