مقبوضہ بیت المقدس کے مشرقی علاقے ابو دیس کے مقام پر اسرائیلی فوج نے پرامن فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس کے نتیجے میں کم سے کم پچیس فلسطینی مظاہرین زخمی ہوگئے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ہلال احمر فلسطین کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے مشرقی بیت المقدس میں ابو دیس کے مقام پر فلسطینی مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا اور ان پر آنسوگیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں کئی فلسطینی زخمی ہوگئے۔ ہلال احمر کے مطابق اسرائیلی فوج کی طرف سے دھاتی گولیوں کے حملے میں چھ فلسطینی زخمی ہوئے جب کہ تین فلسطینی آنسوگیس کی شیلگن سے جل کر زخمی ہوئے۔
اسرائیلی فوج کی طرف سے فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر آنسوگیس کی شیلنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 16 فلسطینی دم گھٹنے سے بے ہوش ہوگئے۔ انہیں موقع پر ہی طبی امداد فراہم کی گئی۔
خیال رہے کہ بیت المقدس میں ابو دیس کے مقام پر فلسطینی شہریوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان تازہ تصادم ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب قابض فوج نے مسجد اقصیٰ کو فلسطینی نمازیوں کی عبادت کے لیے بند کردیا ہے۔ فلسطینی عوام میں قبلہ اول کی بندش اور اسرائیلی ریاستی دہشت گردی کے خلاف سخت غم وغصے کی فضاء پائی جا رہی ہے۔
عینی شاہدین کا کہناہے کہ ابو دیس کے مقام پر فلسطینی شہریوں نے اسرائیلی ریاستی دہشت گردی اور قبلہ اول کی بندش کے خلاف ایک ریلی نکالی تھی جسے منتشر کرنے کے لیے قابض فوج نے وحشیانہ لاٹھی چارج، آنسوگیس کی شیلنگ اور دھاتی گولیوں کا استعمال کیا۔ فلسطینی مظاہرین کی جانب سے بھی دشمن پر سنگ باری کی گئی اور ان پر پٹرول بموں سے حملے کیے گئے۔