جمعه 15/نوامبر/2024

قبلہ اول کا گھیراؤ جاری، اسرائیلی فوج کی بربریت،50 نمازی زخمی

منگل 18-جولائی-2017

مقبوضہ بیت المقدس میں مسجد اقصیٰ کو کھولے جانے کے لیے احتجاج کرنے والے فلسطینی مظاہرین پر قابض فوج نے وحشیانہ تشدد کیا ہے جس کے نتیجے میں کم سے کم 50 شہری زخمی ہوگئے ہیں۔
ادھر قابض صہیونی فوج نے بیت المقدس میں تشدد سے زخمیوں کی منتقلی کے بعد المقاصد اسپتال پر دھاوا بولا اور اسپتال میں توڑپھوڑ کے بعد متعدد زخمیوں کو حراست میں لے لیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے آج منگل کو بھی مسجد اقصیٰ کا گھیراؤ جاری ہے۔ مسجد کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر قابض فوج اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔ اس موقع پر یہودی آباد کاروں کی مسجد اقصیٰ میں آمد اور تلمودی تعلیمات کی روشنی میں مذہبی رسومات کی ادائی کا ڈھونگ بھی جاری ہے۔ مگر دوسری جانب مسجد کو کھولے جانے اور اس کے سامنے سے رکاوٹیں ہٹانے کا مطالبہ کرنے والے فلسطینیوں پر قابض فوج وحشیانہ تشدد کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

ہلال احمر فلسطین کے طبی عملے کی طرف سے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے مسجد اقصیٰ کو کھولے جانے کے حق میں مظاہرہ کرنے والے فلسطینیوں پر آنسوگیس کی شیلنگ، لاٹھی چارج، دھاتی گولیوں کا استعمال اور صوتی بم استعمال کیے ہیں جس کے نتیجے میں کم سے کم 50 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں سے 35  کو فوری طور پرموقع پر طبی امداد مہیا کی گئی جب کہ ایک درجن سے زاید زخمیوں کو اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ بیت المقدس میں فلسطینی شہریوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان تازہ تصادم ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب قابض فوج نے مسجد اقصیٰ کو فلسطینی نمازیوں کی عبادت کے لیے بند کر رکھا ہے۔ فلسطینی عوام میں قبلہ اول کی بندش اور اسرائیلی ریاستی دہشت گردی کے خلاف سخت غم وغصے کی فضاء پائی جا رہی ہے۔

عینی شاہدین کا کہناہے کہ مسجد اقصٰی کے باہر فلسطینی شہریوں نے اسرائیلی ریاستی دہشت گردی اور قبلہ اول کی بندش کے خلاف مظاہرہ کیا جسے منتشر کرنے کے لیے قابض فوج نے وحشیانہ لاٹھی چارج، آنسوگیس کی شیلنگ اور دھاتی گولیوں کا استعمال کیا۔ فلسطینی مظاہرین کی جانب سے بھی دشمن پر سنگ باری کی گئی اور ان پر پٹرول بموں سے حملے کیے گئے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ بیت المقدس میں الرام، العیزریہ، الطور، العیسویہ اور صور باھر کے مقام پر فلسطینی شہریوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان جھڑپیں ہوئی ہیں۔ مشتعل فلسطینی مظاہرین نے قابض فوج پر سنگ باری کی، سرائیلی فوج نے پرتشدد ہتھکنڈے استعمال کرنے کے ساتھ ساتھ کئی فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔

ہلال احمر کے مطابق 16 فلسطینی شہری دھاتی گولیاں لگنے، 9 صوتی بموں، 25 لاٹھی چارج کے نتیجے میں زخمی ہوئے جب کہ زخمیوں ہلال احمر کے چار امدادی کارکن بھی شامل ہیں۔

 

مختصر لنک:

کاپی