فلسطین کے سنہ1948ء کے مقبوضہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے ممتاز فلسطینی رہ نما اور اسلامی تحریک کےامیر الشیخ راید صلاح نے دفاعی مسجد اقصیٰ اور نصرت القدس کے لیے مشترکہ قومی قیادت کی تشکیل پر زور دیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق آبائی شہر ام الفحم میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے الشیخ راید صلاح بے کہا کہ دفاع قبلہ اول کے لیے پوری قوم سڑکوں پرنکل آئی ہے۔ غرب اردن، بیت المقدس، شمالی اور جنوبی فلسطین، غزہ کی پٹی اورفلسطین کا قریہ قریہ لبیک یا اقصیٰ کے نعروں سے گونج رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری فلسطینی قوم کا مسجد اقصیٰ اور القدس کی حمایت میں سڑکوں پر نکلنا قوم کی فتح و نصرت کی علامت ہے۔
الشیخ راید صلاح کا کہنا تھا کہ قبلہ اول کو درپیش بحران اور اسرائیلی پابندیاں فلسطینی قوم کو متحد کرنے کا بہترین موقع ہیں۔ اس لیے میں تمام فلسطینی قوتوں پر زور دیتا ہوں کہ وہ اسرائیلی ریاست کے جرائم کے خلاف، مسجد اقصیٰ اور بیت المقدس کے دفاع کے لیے مشترکہ قومی قیادت تشکیل دیں۔
امیر اسلامی تحریک نے فلسطینیوں پر زور دیا کہ وہ مسجد اقصی کے باہر جمع ہو کراحتجاج اور نمازوں کی ادائی کا سلسلہ جاری رکھیں۔