جمعه 15/نوامبر/2024

مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی پابندیوں پر سلامتی کونسل کا اجلاس طلب

اتوار 23-جولائی-2017

فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ میں فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان پائی جانے والی کشیدگی کی روک تھام پر غور کے لیے عالمی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس کل سوموار کے روز طلب کیا گیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اقوام متحدہ کے سفارت کاروں نے بتایا کہ سلامتی کونسل کا اجلاس سویڈن، فرانس اور مصر کے مطالبے پر کل سوموار کو طلب کیا گیا ہے جس میں مقبوضہ بیت المقدس میں جاری کشیدگی، مسجد اقصیٰ میں فلسطینی نمازیوں پر اسرائیلی فوج کی پابندیوں پر غور کیا جائےگا۔

سویڈن کے سیاسی امور کے رابطہ کار کارل اسکاؤ نے اقوام متحدہ کے دفتر میں بتایا کہ سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں بیت المقدس کی تازہ کشیدگی کم کرنے کے لیےفوری بات چیت شروع کرنے پر زور دیا جائے گا۔

ادھر بیت المقدس میں مسجد اقصیٰ کےباہر فلسطینی شہریوں اور اسرائیلی فورسز کے درمیان کشیدگی بدستور موجود ہے۔

مسجد اقصیٰ کے باب الاسباط کے باہر بڑی تعداد میں فلسطینی دھرنا دیے ہوئے ہیں۔ نامہ نگار کا کہنا ہے کہ ہفتے کے روز فلسطینی نمازیوں کو منتشر کرنے کے لیے قابض صہیونی فوج نے مظاہرین پرلاٹھی چارج کیا اور صوتی بم بھی برسائے جس کے نتیجے میں متعدد شہری زخمی ہوگئے۔ اسرائیلی فوج نے ہلال احمر فلسطین کے امدادی کارکنوں کو زخمیوں تک رسائی سے بھی روک دیا تھا۔
ہفتے کے روز مقبوضہ غرب اردن کے علاقے میں اسرائیلی فوج کے پرتشدد حملوں میں دو فلسطینی جاں بحق ہوگئے۔
قبل ازیں جمعہ کو نفیر عام کے موقع پر القدس میں راس العامود کے مقام پر اسرائیلی فوج نے تین فلسطینیوں کو گولیاں مار کر شہید کردیا تھا۔

 

مختصر لنک:

کاپی