قابض اسرائیلی فوج نے فلسطین کے علاقےغزہ کی پٹی کے مشرقی حصے میں توپخانے سے شدید گولہ باری کی جس کے نتیجے میں متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق مشرقی غزہ کے سرحدی علاقوں میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنائی گئی ہیں۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے توپ خانے سے گولہ باری کی ہےاور کئی گولے آبادی میں گرے ہیں۔
غزہ کی وسطی گورنری سےملنےوالی اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج نے خان یونس اور دیر البلح میں گولے برسائے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق اسرائیلی فوج نے کیسوفیم اڈے کے قریب فلسطینی مزاحمت کاروں کے ٹھکانوں پر گولہ باری کی ہے۔ اسرائیلی فوج کی گولہ باری سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا تاہم کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
بعد ازاں اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ غزہ کی پٹی سے اشکول یہودی کونسل میں ایک راکٹ حملہ کیا گیا تھا تاہم اس حملے میں کوئی نقصان نہیں ہوا۔