قابض اسرائیلی فوج نے فلسطین کے دریائے اردن کے مغربی کنارے کے جنوبی شہر بیت لحم سے ایک فلسطینی خاتون کو حراست میں لیا ہے جس پر یہودی آباد کاروں پر چاقو سے قاتلانہ حملے کی منصوبہ بندی اور کوشش کا الزام عاید کیا گیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک مشتبہ فلسطینی لڑکی کو بیت لحم میں عتصیون یہودی کالونی کے قریب چیک پوسٹ سے حراست میں لیا گیا۔ قابض فوج کا کہنا ہے کہ انہیں دیکھ کر فلسطینی لڑکی نے چاقو پھینک دیا۔ بعد ازاں اس لڑکی کو حراست میں لے کر تفتیش کے لیے کسی خفیہ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ گرفتار کی جانے والی لڑکی کی شناخت نہیں کی جاسکی۔