اسرائیلی اخبارات نے انکشاف کیا ہے کہ حکومت مصر کی سرحد سے متصل علاقے میں ایک نئی ہاؤسنگ کالونی تعمیر کرنے کی تیاری کررہی ہے۔
عبرانی اخبار ’ہارٹز‘ نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ سرکاری تعمیرات و منصوبہ بندی کمیٹی آئندہ سوموار کو مصر کی سرحد کے قریب مجوزہ ہاؤسنگ کالونی ’نیٹسنیٹ‘ کی تعمیر کے لیے خصوصی اجلاس کے دوران تعمیراتی ٹھیکوں کے اجراء پرغور کرے گی۔
اخباری رپورٹ کے مطابق مصرکی سرحد کے قریب یہودی کالونی کے قیام کی تجویز پر گذشتہ ایک عشرے کے دوران بھی غور کیا جاتا رہا ہے مگر اپوزیشن کی مخالفت اور کھلے علاقوں کو کالونیوں میں تبدیل کرنے کے خلاف سرگرم تنظیموں کے احتجاج کے بعد 2010ء میں اس منصوبے پر کام روک دیا گیا تھا۔ ماضی میں اس منصوبے کی مخالفت کرنے والی تنظیمیں اور سیاسی جماعتیں آج اس کی حمایت کررہی ہیں۔
اخبارات کے مطابق یہ تعمیراتی منصوبہ ’نیٹسنہ‘ سرحدی گذرگاہ کو ملانے والی شاہراہ 211 پر بنایا جائے گا۔ اس میں 1600 رہائشی فلیٹس، تجارتی مراکز، دفاتر اور 200 کمروں پر مشتمل ہوٹل بھی شامل ہے۔