فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں آج اتوار کو اسرائیلی فوج کے سرچ آپریشن میں مزید نو فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا گیا۔ حراست میں لیے گئے شہریوں میں فلسطینی اسیر کی اہلیہ بھی شامل ہیں۔
اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کردہ بیانات میں بتایا گیا ہے کہ اتوار کو علی الصباح فورسز نے غرب اردن کے علاقوں میں تلاشی کی کارروائیوں میں 9 فلسطینی شہریوں کو حراست میں لیا ہے۔ ان میں اسرائیلی فوج اور یہودی آباد کاروں پر حملوں میں ملوث فلسطینی مزاحمت کار بھی شامل ہیں۔
اسرائیلی فوج کے مطابق متعدد فلسطینی شہریوں کو غرب اردن کے شمالی شہر قلقیلیہ سے حراست میں لیا گیا جب کہ رام اللہ میں الجلزون پناہ گزین کیمپ کے قریب سے چار فلسطینیوں کو گرفتار کیا گیا۔ دو فلسطینی بیت لحم کے نواحی علاقوں تقوع اور الخضر سے حراست میں لیے گئے۔ ایک نوجوان کو الخلیل کے بیت امر اورایک کو سعیر قصبے سے گرفتار کیا گیا۔
قدس پریس کے مطابق اسرائیلی فوج نے قلقیلیہ میں تلاشی کے دوران اسیر فلسطینی ادیب الغلیان کی اہلیہ امینہ ابتیلی کو حراست میں لے کرنامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔
شمالی رام اللہ میں الجلزون کیمپ میں تلاشی کے دوران اسرائیلی فوج نے گھروں میں گھس کر خواتین اور بچوں کو زدو کوب کیا۔ کیمپ میں موجود شہری اسرائیلی فوج کی کارروائیوں کے خلاف گھروں سے باہر نکل آئے اور انہوں نے قابض فوج کے کریک ڈاؤن کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر قابض فوج اور فلسطینیوں کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔
اسرائیلی فوج نے الجلزون کیمپ کا ایک داخلی راستہ بند کردیا۔ اسے دو روز قبل ہی کھولا گیا تھا۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں کی جانب سے اس راستے پرفوجیوں پر فائرنگ کی تھی۔
الخلیل شہر میں بھی اسرائیلی فوج اور فلسطینی شہریوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ قابض فوج نے فلسطینیوں کے گھروں میں گھس کر توڑپھوڑ اور لوٹ مار کے ساتھ گھروں میں موجود خواتین اور بچوں کو زدو کوب کیا۔
غرب اردن کے شمالی شہر نابلس میں سبسطیہ کے مقام پر اسرائیلی فوج کی پانچ گشتی پارٹیوں نے دھاوا بولا۔مشرقی نابلس میں بیت فوریک اور بیت دجن میں فلسطینی شہریوں کے گھروں پر چھاپے مارے اور انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔
ادھر الخلیل شہر میں اتوار کے روز یہودی آباد کاروں نے بھی فلسطینی شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے نامہ نگاروں کے مطابق کریات اربع یہودی کالونی کے آباد کاروں نے فلسطینی شہریوں کے گھروں پر سنگ باری کی اور راہ چلتے راہ گیروں اور فلسطینیوں کی گاٰڑیوں پر بھی پتھراؤ کیا۔