فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں اسرائیلی فوج کی جانب سے گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں میں جمعرات کو مزید بارہ فلسطینی شہریوں کو حراست میں لے لیا گیا۔
اسرائیل کے عبرانی ٹی وی7 کی رپورٹ کے مطابق قابض فورسز نے جمعرات کو غرب اردن اور بیت المقدس میں چھاپہ مار کارروائیوں میں 12 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔ گرفتار کیے گئے فلسطینیوں میں اسرائیلی فوج اور یہودی آباد کاروں پرحملوں میں ملوث مزاحمت کار بھی شامل ہیں جنہیں فوج اور سیکیورٹی ادارے تلاش کررہے تھے۔
مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس میں قلندیا کیمپ اور شعفاط قصبے میں تلاشی کی کارروائیوں میں چار شہریوں کو حراست میں لے لیا۔
ذرائع نے بتایا کہ بیت المقدس میں شاہراہ الواد سے دو فلسطینیوں علاء نجیب اور یوسف العماوی کو حراست میں لیا گیا۔ اس کے علاوہ مشرقی بیت المقدس میں الطور کے مقام سے محمود ادریس اور یوسف الخزیمہ کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔
ادھر قلندیا میں تلاشی کے دوران سابق اسیر باسل حماد کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔ قلندیا کیمپ اور شعفاط قصبے میں فلسطینی شہریوں اور اسرائیلی فورسز کے درمیان جھڑپین بھی ہوئیں۔
ادھر غرب اردن کے وسطی شہر رام اللہ میں اسرائیلی فوج نے چھاپہ مار کارروائی میں عمر جمعہ حماد کو حراست میں لینے کے بعد اس کی گاڑی بھی قبضے میں لے لی۔
طولکرم میں نور شمس کیمپ میں بھی تلاشی کے دوران ایک شہری کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔
اسرائیلی فورسز نے کیمپ میں جبل النصر کے مقام پر چھاپہ مار کارروائی میں جمال الزیط کے بیٹے جمال کو حراست میں لے لیا۔
غرب اردن کے شمالی شہر جنین میں اسرائیلی فوج اور فلسطینیوں کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات ہیں۔
قابض فوج نے فلسطینی شہریوں کو منتشر کرنے کے لیے ان پر لاٹھی چارج کیا اور آنسوگیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد شہری دم گھٹنے سے متاثر ہوئے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ جنین میں الالمانیہ کے مقام پر اسرائیلی فوج کی تلاشی کی کارروائیوں سے قبل 12 گاڑیوں نے دھاوا بولا اور گھر گھر تلاشی کے دوران قیمتی سامان کی توڑپھوڑ اور لوٹ مار کی گئی۔
تلاشی کےدوران اسرائیلی فوجیوں نے طارق حثناوی کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔
غرب اردن کے شمالی شہر قلقیلیہ میں بھی کریک ڈاؤن کے دوران اسرائیلی فوجیوں اور فلسطینیوں کے درمیان جھڑپوں کی اطلاعات ہیں۔ قابض فورسز نے کفار سابا کالونی میں تلاشی کے دوران سابق اسیر ابراہیم بلاسمہ کے گھر پر چھاپہ مارا اور گھر میں گھس کر توڑپھوڑ کی۔