یہودی شرپسندوں کی جانب سے فلسطینی مساجد کی بے حرمتی کا سلسلہ جاری ہے۔ اطلاعات کے مطابق گذشتہ شب یہودی شرپسندوں کی بڑی تعداد نے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں واقع مسجد ابراہیمی موسیقی اور ناچ گانے کی محفل کا انعقاد کیا ہے۔ جس پر فلسطینی عوام کی طرف سےشدید احتجاج کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق الخلیل شہر کے اطراف میں قائم یہودی کالونیوں سے درجنوں یہودی مردو خواتین مسجد ابراہیمی سے ملحقہ مدرسہ الابراہمیہ جمع ہوئے۔ اس کے بعد وہ رات بھر مقدس مقام میں مخلوط محفل میں ناچ گانے میں مصروف رہے۔
نامہ نگار کے مطابق مسجد ابراہیمی میں جمع ہونے والے یہودی مردو خواتین بیت لحم اور الخلیل کی گوش عتصیون یہودی کالونیوں سے آئے تھے۔ انہوں نے مسجد سے ملحقہ آل ابو رجب نامی شہری کے مکان کا محاصرہ کرکے اس کی چھت پر بھی اسرائیلی پرچم لہرانے کے بعد مخلوط محفل منعقد کی۔ یہودیوں کی اس شرپسندانہ حرکت پر فلسطینی عوام کی طرف سے شدید احتجاج کیا جا رہا ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ مسجد ابراہیمی میں ناچ گانے کی محفل کے بعد ان میں سے ایک گروپ سلفیت میں حضرت یوسف علیہ السلام کے مزار پر گیا اور اس نے وہاں پر بھی ناچ گانے کی محفل منعقد کی۔