فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں گذشتہ شب نامعلوم افراد نے گولیاں مار کر ایک فلسطینی شہری کو قتل کر دیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی پولیس کے ترجمان لوئی ارزیقات نے ایک بیان میں بتایا کہ 30 سالہ حسین راتب ابو عصب کو الخلیل شہر کے شمال مشرق میں اس کی دکان کے قریب نامعلوم افراد نے گولیاں ماریں اور فرار ہوگئے۔
شدید زخمی حالت میں فلسطینی کو اسپتال منتقل کیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
جائے وقوعہ پر فلسطینی پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی تاہم فائرنگ کرنے والے ملزمان کی نشاندہی نہیں ہوسکی۔ وہ پولیس کی آمد سے قبل ہی فرار ہو گئے تھے۔
خیال رہے کہ الخلیل شہر میں گذژتہ ماہ ایک 16 سالہ فلسطینی لڑکے مصعب النتشہ کو گولیاں مار کر قتل کردیا گیا تھا۔ النتشہ کا قتل دو متحارب گروپوں کے درمیان جاری تناؤ کا نتیجہ بتایا جاتا ہے۔ پولیس نے النتشہ کے قاتلوں کو گرفتار کرلیا تھا۔
تاہم حسین مصعب کے قاتلوں کے بارے میں کوئی معلومات نہیں مل سکی ہیں۔ اس مجرمانہ واردات میں یہودی آباد کاروں کے ملوث ہونے کا بھی شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔