قابض صہیونی فوج کی طرف سے فلسطینی شہریوں کے مکانات مسماری کا ظالمانہ سلسلہ بدستور جاری ہے۔ گذشتہ روز اسرائیلی فورسز نے غرب اردن کے شمالی شہر جنین میں برطعہ کے مقام پر ایک فلسطینی شہری کا زیرتعمیر مکان غیرقانونی قرار دے کر مسمار کردیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق برطعہ میونسپل کاروپوریشن کے چیئرمین غسان قبہا نے بتایا کہ مسمار کیا گیا زیرتعمیر مکان 100 مربع میٹر کے رقبے پر تعمیر کیا گیا تھا۔
قدس پریس سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ مسمار کردہ مکان سنہ 1948ء کے علاقوں اور جنین کے درمیان قائم کردہ دیوار کی عقبی سمت تھا، جسے صہیونی فوج کی طرف سے غیرقانونی قرار دیا گیا تھا۔
قبہا نے بتایا کہ قابض صہیونی فورسز کی طرف سے برطعہ قصبے میں مقامی فلسطینی آبادی پر مکانات کی تعمیر پر غیراعلانیہ پابندی عاید کی گئی ہے۔ فلسطینی شہری جب بھی مکان کی تعمیر کی کوشش کرتے ہیں تو یا تو انہیں روک دیا جاتا ہے یا ان کی تعمیر کی گئی املاک کو مسمار کردیا جاتا ہے۔