کمپیوٹر پروگرام اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی دنیا کے انتہائی گراں قدر اور بیش قیمت انعام کا حق دار ایک فلسطینی نوجوان کو قرار دیا گیا۔ فلسطینی نوجوان نے یہ غیرمعمولی اہمیت کا حامل انعام جیت کر فلسطینی قوم کے سر فخر سے بلند کردیے ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ’مائیکرو سافٹ انجنیر‘ کے نام سے یہ انعام غرب اردن کے جنوبی شہر الخلیل کے سعیر قصبے سے تعلق رکھنے والے ایک فلسطینی نوجوان وسیم عواد الشلالدہ نے حاصل کیا ہے۔ عرف عام میں اس انعام کے لیے ’ Microsoft Most Valuable Professional – MVP‘ نام استعمال کیا جاتا ہے۔
اس انعامی مقابلے میں دنیا بھر سے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ہزاروں ماہرین میدان میں موجود تھے۔ ان میں بڑے بڑے ترقی یافتہ ملکوں کی شہرہ آفاق جامعات کے فضلاء اس مقابلے میں شامل تھے مگر فلسطینی نژاد شلالدہ نے یہ انعام اپنے نام کرلیا۔
شلالدہ کی کامیابی پر سعیر قصبے کے چیئرمین ڈاکٹر کاید جرادات نے اسے فلسطینی قوم کی غیرمعمولی کامیابی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اعزاز صرف شلالدہ کا نہیں بلکہ پوری فلسطینی قوم کا ہے۔ اس کامیابی سے فلسطینی نوجوانوں کی تحقیقی اور علمی صلاحیتوں کا بہ خوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔