اقوام متحدہ کے زیرانتظام انسانی بہبود کے ادارے کے سربراہ رابرٹ بائبر نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں جنگ سے متاثرہ شہریوں کی بحالی کے لیے مزید 25 لاکھ ڈالر کی رقم مختص کی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اقوام متحدہ کے اہلکار نے اپنے ایک بیان میں کہا ہےکہ غزہ کے محصورین اور جنگ سے متاثرہ شہریوں کی بحالی کے لیے یہ رقم ’ہیومن چیئرٹی فنڈ‘ سے مختص کی گئی ہے۔ اس کا مقصد غزہ کے عوام کی فوری امداد کو یقینی بنانا ہے۔
رابرٹ بائبر کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی طرف سے غزہ کی پٹی کے لیے مختص کی گئی رقم سے غزہ میں پاور ہاؤسز کو ہنگامی صورت میں ایندھن کی فراہمی، 190 صحت کے مراکز کو اپنا کام جاری رکھنے کے لیے بنیادی ضروریات بہم پہنچانا، سیوریج اور دیگر منصوبوں پر خرچ کی جائے گی اور اس رقم سے غزہ کے ایک لاکھ افراد مستفید ہوں گے۔
اقوام متحدہ کی مختص کردہ امدادی رقم سے شہریوں میں بنیادی طبی سہولیات کے ساتھ ساتھ انہیں شمسی توانائی کے پینل مہیا کرنا، حسب ضرورت نقد امداد کی فراہمی، زراعت پیشہ افراد اور کسانوں کی مدد بالخصوص 2200 چھوٹے کسانوں کو کاشت کاری میں معاونت اور انہیں کھیتوں کے لیے پانی فراہم کرنے کی اسکیموں پر رقم خرچ کی جائے گی۔