اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو کے گذشتہ روز لاطینی امریکی ملک ارجنٹائن کے دورے کے دوران ہزاروں افراد نے ان کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ارجنٹائن کی اپوزیشن جماعتوں، سول سوسائٹی اور انسانی حقوق کی تنظٰموں کے ہزاروں کارکنوں نے نیتن یاھو کی آمد کے خلاف دارالحکومت بوینس آئرس میں جلوس نکالا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر اسرائیل کی فلسطینیوں کے خلاف جاری نسل پرستی اور نیتن یاھو کی ظالمانہ پالیسیوں کے خلاف نعرے درج تھے۔ اس موقع پر مظاہرین نے نیتن یاھو کے خلاف بھی شدید نعرے بازی کی اور ان سے ارجنٹائن سے فوری طور پرنکل جانے کا مطالبہ کیا۔
نیتن یاھو کی آمد کے خلاف ارجنٹائن کے بڑے شہروں میں پوسٹر بھی چسپاں کیے گئے تھے جن پر نیتن یاھو کو جرمنی کے ڈکٹیٹر اڈولف ہٹلر کے ساتھ تشبیہ دیتے ہوئے ان کی فلسطینیوں کے خلاف نسل پرستانہ پالیسیوں کو اجاگر کیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو اپنے لاطینی امریکا کے طویل دورے پر گذشتہ روز ارجنٹائن پہنچے تھے۔ وہ اگلے مرحلے میں لاطینی امریکا کے دوسرے ملکوں کا بھی دورہ کریں گے۔ وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنھبالنے کے بعد نیتن یاھو کا یہ ارجنٹائن کا پہلا دورہ ہے۔