جمعه 15/نوامبر/2024

الخلیل: گاؤں سے فلسطینی آبادی کو بے دخل کرنے کی اسرائیلی سازش

جمعرات 28-ستمبر-2017

اسرائیلی فوج کے ایک سینیر عہدیدار نے کہا ہے کہ وہ بیت المقدس کے خان الاحمر قصبے کی طرز پر مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں واقع سوسیا قصبے سے بھی فلسطینیوں کو بے دخل کرنے کی تیاری کررہے ہیں۔

اسرائیل کے کثیرالاشاعت عبرانی اخبار ’ہارٹز‘ نے فوج کے ایک سینیر عہدیدار کا بیان ان کا نام ظاہر کئے بغیر نشر کیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ الخلیل کے ’سوسیا‘ قصبے کو بھی ایسے ہی فلسطینی آبادی سے خالی کرانے پر کام کیا جا رہا ہے جیسے بیت المقدس کے خان الاحمر سے فلسطینی بدوؤں کو نکالنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔

اسرائیلی فوجی عہدیدار کا کہنا ہے کہ وزارت دفاع خان الاحمر اور سوسیا کو فلسطینی آبادی سے خالی کرانے کے لیے مزید انتظار نہیں کرے گی۔ وزارت دفاع جلد ہی خود ہی سپریم کورٹ سےرجوع کرے گی تاکہ  فوری طور پر سوسیا کو خالی کرانے کی اجازت حاصل کی جاسکے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق’سوسیا‘ قصبے میں 32 فلسطینی خاندان آباد ہیں جن میں 93 کم عمر بچے اور بچیاں ہیں۔ قصبے میں پہلی سے نویں جماعت تک اسکول، دیہی کونسل کا دفتر، پارک بھی قائم ہیں۔

مختصر لنک:

کاپی