گذشتہ روزمصرکی زیرنگرانی فلسطینی تنظیموں اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ اورتحریک فتح کے درمیان طے پائے مفاہمتی معاہدے پر فلسطینی عوام کی طرف سے مثبت رد عمل سامنے آیا ہے۔ فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں عوام کی بڑی تعداد قومی پرچم اٹھائے سڑکوں پر نکل آئی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق مغربی غزہ کے لاپتا سپاہی چوک میں جعم ہونے والے فلسطینیوں نے حماس اور فتح کے درمیان مصالحت کی حمایت میں نعرے بازی کی۔
شرکاء نے بینرز اور کتبے بھی اٹھا رکھے تھے جن پر فلسطینیوں میں طے پائے مصالحتی معاہدے کی حمایت میں نعرے درج تھے۔
اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے تمام فلسطینی دھڑوں اور ان کی قیادت پر زور دیا کہ وہ اختلافات کا باب ہمیشہ کے لیے ختم کر دیں۔
شہریوں کی جانب سے قومی مصالحت کی حمایت میں آتش بازی کی گئی اور شہریوں نے مٹھائی بھی تقسیم کی۔